خیبرپختونخوا اسمبلی کے عوامی اجلاس میں عوام کی عدم شرکت، معمول کے اجلاس سے کتنا مختلف تھا؟

بدھ 22 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا اسمبلی کا عوامی اجلاس کے نام سے خصوصی اجلاس پہلی بار کھلے میدان، عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوا۔ جس میں معمول کے مطابق تاخیر سے شروع ہونے کی روایت برقرار رہی اور اجلاس 2 گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا۔

عوامی اجلاس کے لیے کرکٹ اسٹیڈیم میں خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ گراؤنڈ میں اسمبلی ہال کی طرز پر نشستیں لگائی گئی تھیں، جبکہ عوام کو بھی شرکت اور براہِ راست دیکھنے کی دعوت دی گئی تھی۔ پیپلز پارٹی کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتوں نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا اور اسے وسائل کا ضیاع قرار دیا۔

عوامی اجلاس معمول کے اجلاس سے کتنا مختلف؟

خیبرپختونخوا اسمبلی کی تاریخ میں پہلی بار ہے کہ اجلاس کسی کھلے میدان میں منعقد ہوا۔ اس سے قبل 80 کی دہائی میں پیپلز پارٹی کے دورِ حکومت میں خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس ایبٹ آباد کے ڈسٹرکٹ ہال میں ہوا تھا۔

عوامی اجلاس کھلے میدان، یعنی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوا۔ تاہم اس اجلاس میں اراکین کی عدم دلچسپی نظر آئی۔ اجلاس 3 بجے شروع ہونا تھا لیکن 5 بج کر 11 منٹ پر شروع ہوا۔

عوامی اجلاس میں عوام کی عدم شرکت

ترجمان پی ٹی آئی حکومت شفیع جان نے وی نیوز کو بتایا کہ اسٹیڈیم میں اجلاس کا مقصد عوام کی شرکت کو یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے کہاکہ آج کے اجلاس کے لیے عوام کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ہم نے عوام کو دعوت دی تھی کہ آئیں اور براہِ راست دیکھیں کہ ان کے منتخب نمائندے ان کے لیے کیا بات کرتے ہیں۔

اس سوال پر کہ اجلاس سوشل میڈیا پر بھی براہِ راست دکھایا جاتا ہے تو اس کی کیا ضرورت تھی؟ انہوں نے کہاکہ موبائل پر دیکھنے اور براہِ راست دیکھنے میں فرق ہوتا ہے۔

تاہم حکومتی دعوت کے باوجود لوگ اجلاس دیکھنے نہیں آئے۔ کالج کی طالبات کو لایا گیا تھا، لیکن اجلاس میں تاخیر کی وجہ سے وہ بھی اجلاس شروع ہونے سے پہلے ہی واپس چلی گئیں، جبکہ اجلاس میں حکومتی اراکین کی تعداد بھی کم تھی۔

اپوزیشن رکن اور پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کنڈی نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ کھلے میدان میں اجلاس کرکے وسائل کا ضیاع کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہم اس حکومت کا پیچھا کریں گے، جہاں بھی اجلاس کریں گے جائیں گے اور عوام کے سامنے ان کی نااہلی کو بے نقاب کریں گے۔

انہوں نے سوال کیاکہ عوامی اجلاس میں عوام کہاں ہیں؟ حکومت نے عوام کے لیے اجلاس کیا تھا، لوگ کیوں نہیں آئے؟ کیا انہیں آنے نہیں دیا گیا یا وہ خود ان سے تنگ آ چکے ہیں؟

احمد کنڈی نے کہاکہ کھلے میدان میں اجلاس کرنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے، اس کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

اپوزیشن رکن احسان اللہ خان نے کہاکہ عوامی اجلاس میں 200 لوگ بھی نہیں آئے، جبکہ ان سے زیادہ پولیس تعینات تھی۔

انہوں نے کہاکہ حکومت نے عوامی اجلاس کے نام پر کروڑوں کا نقصان کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ عوام کے ساتھ ظلم ہے۔ اسمبلی میں بھی لوگ آ سکتے ہیں، وہاں مہمانوں کے بیٹھنے کی جگہ موجود ہے، پھر اس اجلاس کی کیا ضرورت تھی؟

اجلاس میں کیا کارروائی ہوئی؟

عمران خان اسٹیڈیم میں ہونے والے عوامی اجلاس میں کئی قراردادیں منظور کی گئیں۔

اجلاس میں وزیرِ قانون آفتاب عالم نے مشرقِ وسطیٰ سے متعلق قرارداد پیش کی، جسے متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔ اس میں ایران امریکا کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور اسرائیل کی جارحیت کی بھی مذمت کی گئی۔ اس کے علاوہ ملک میں مہنگائی کے خلاف بھی قرارداد منظور کی گئی۔

اجلاس کے آخر میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے خطاب کیا اور سیاسی مخالفین کو نشانہ بنایا۔

معمول کی طرح اجلاس ہوا، عوامی اجلاس کا مقصد پورا نہ ہو سکا

اپوزیشن رکن احمد کنڈی نے کہاکہ عوامی اجلاس بھی معمول کا اجلاس تھا، تاہم اس میں عوام کی شرکت کا حکومتی مقصد پورا نہیں ہو سکا۔

صحافی عارف حیات نے کہاکہ اجلاس جہاں بھی ہو، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، لیکن اس میں عوام کے مسائل پر بات ہونی چاہیے، جبکہ اس اجلاس میں عوامی مسائل کم اور سیاسی باتیں زیادہ ہوئیں، سہیل آفریدی نے سیاسی مخالفین کو نشانہ بنایا۔

عارف حیات نے کہاکہ اچھا ہوتا کہ 20 ہزار گنجائش والے اسٹیڈیم میں پاؤں رکھنے کی جگہ نہ ہوتی اور لوگ اپنے نمائندوں کو دیکھنے آتے، لیکن ایسا نہیں ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگ سیاست سے تنگ آ چکے ہیں۔ سب کو معلوم ہے کہ ایسے اجلاسوں میں کیا باتیں ہونی ہیں، اور لوگ باتوں سے تنگ آ گئے ہیں۔

سینیئر صحافی ذوالفقار علی شاہ نے کہاکہ تاریخ میں پہلی بار کھلے میدان میں، وہ بھی اسمبلی سے چند میٹر کے فاصلے پر اجلاس ہوا۔

انہوں نے کہاکہ یہ ایک اچھا پیغام ہے کہ اجلاس عوامی مقامات پر بھی ہوں گے اور لوگ براہِ راست دیکھ سکیں گے۔

انہوں نے یاد دلایا کہ اس سے پہلے پیپلز پارٹی کے دورِ حکومت میں اسمبلی کا اجلاس ایبٹ آباد کے ڈسٹرکٹ ہال میں ہوا تھا، لیکن کھلے میدان میں پہلی بار منعقد ہوا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

پاکستان نے یو اے ای کے 3.45 ارب ڈالر کے ڈپازٹس مکمل واپس کر دیے

برطانیہ اور فرانس کی آبنائے ہرمز سیکیورٹی منصوبے پر پیشرفت، 44 ممالک لندن مذاکرات میں شریک

ڈیجیٹل معیشت کا فروغ: حکومت پنجاب کی 50 ہزار ماہانہ وظیفے کے ساتھ انٹرن شپ اسکیم کی رجسٹریشن شروع

بھارت کیجانب سے منشیات نیٹ ورک کو کیمیکل فراہمی بے نقاب، عالمی تشویش بڑھ گئی

اسلام آباد: تبلیغی اجتماع ایک ہفتے کے لیے کیوں ملتوی کیا گیا؟

ویڈیو

کرکٹ اسٹیڈیم میں اسمبلی اجلاس، پشاور کے شہری کیاکہتے ہیں؟

پاکستان کی کوششوں سے امن قائم ہو گا، اسلام آباد کے شہریوں کی رائے

سعودی عرب سے 3 بلین ڈالرز ملنے پر پاکستانی کیا کہتے ہیں؟

کالم / تجزیہ

عالمی دن پر کتاب سے مکالمہ

جنگ اور جنگ بندی کے مابین مرتب کیے 9 نتائج

لاہور پر ’مغل اعظم‘ کی یلغار