نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے حکام نے واضح کیا ہے کہ ایسے سولر صارفین جو قومی گرڈ سے منسلک نہیں ہیں، انہیں نیپرا سے کسی قسم کے لائسنس کی ضرورت نہیں، اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی تجویز زیر غور ہے۔
حکام کے مطابق نیپرا کے قواعد و ضوابط صرف ان صارفین پر لاگو ہوتے ہیں جو نیشنل گرڈ سے منسلک ہوں اور نیٹ میٹرنگ یا نیٹ بلنگ کے نظام کے تحت آتے ہوں۔ آف گرڈ سولر سسٹمز رکھنے والے صارفین ان ریگولیشنز کے دائرہ کار میں شامل نہیں۔
یہ بھی پڑھیے: سولر سسٹم صارفین کے لیے نیپرا لائسنس لازمی قرار، کتنی فیس ادا کرنی ہوگی؟
نیپرا حکام نے بتایا کہ نئے ضوابط کے تحت صرف نئے صارفین کے لیے نیٹ بلنگ کا نظام متعارف کرایا گیا ہے، جبکہ قومی گرڈ سے منسلک تمام سولر صارفین کو لائسنس حاصل کرنا ہوگا۔
ان کے مطابق ماضی میں 25 کلوواٹ سے زائد لوڈ رکھنے والے سولر صارفین کو نیپرا سے لائسنس لینا پڑتا تھا، جبکہ 25 کلوواٹ یا اس سے کم لوڈ کے صارفین متعلقہ ڈسکوز سے منظوری لیتے تھے اور ان پر کوئی فیس عائد نہیں تھی۔
نئے قوانین کے تحت اب 25 کلوواٹ یا اس سے کم لوڈ والے صارفین کے لائسنس بھی نیپرا جاری کرے گا، جبکہ ایک ہزار روپے فی کلوواٹ کے حساب سے فیس وصول کی جائے گی۔













