پی ایس ایل 11: لاہور قلندر نے پشاور زلمی کو 6وکٹوں سے شکست دے کر پلے آف کے لیے کوالیفائی کرلیا

ہفتہ 25 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل الیون کے سنسنی خیز مقابلے میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

لاہور قلندرز نے 200 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف آخری اوور کی تیسری گیند پر حاصل کر کے کراچی کنگز کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا اور دفاعی چیمپیئن کے طور پر اپنی بقا کی جنگ جیت لی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 11: اسلام آباد یونائیٹڈ نے حیدرآباد کنگزمین کو عبرتناک شکست دے کر پلے آف میں جگہ پکی کرلی

لاہور قلندرز کی جیت کے اصل ہیرو فخر زمان اور ڈینیل سیمز رہے، جنہوں نے پریشر کے باوجود زلمی کے باؤلرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ فخر زمان نے ایک بار پھر اپنی اہمیت ثابت کرتے ہوئے 47 گیندوں پر 58 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی اور ایک اینڈ سنبھالے رکھا۔ ا

ن کا بھرپور ساتھ ڈینیل سیمز نے دیا جنہوں نے میچ کے آخری لمحات میں محض 15 گیندوں پر 35 رنز کی طوفانی باری کھیلی، جس میں 5 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ سکندر رضا نے بھی 11 گیندوں پر 29 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر قلندرز کی جیت کی راہ ہموار کی، جبکہ چارتھ اسالنکا 33 اور عبداللہ شفیق 25 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 11: پشاور زلمی اور ملتان سلطانز پلے آف میں داخل، بقیہ 2 پوزیشنز کے لیے 4 ٹیموں میں جوڑ

پشاور زلمی کے باؤلرز 200 رنز کے بڑے دفاع میں ناکام رہے، حالانکہ خرم شہزاد نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 3 اوورز میں 22 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ افتخار احمد، علی رضا اور سفیان مقیم نے بھی ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا لیکن وہ قلندرز کے بلے بازوں کو تیزی سے رنز بنانے سے نہ روک سکے۔

اس سے قبل پشاور زلمی نے مائیکل بریسویل کے 83 اور بابر اعظم کے 59 رنز کی بدولت 199 رنز بنائے تھے، لیکن قلندرز کی منظم بیٹنگ نے اس ہدف کو بھی بونا ثابت کر دیا۔ اس فتح کے ساتھ ہی لاہور قلندرز نے پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن حاصل کر کے پلے آف کے لیے اپنی جگہ پکی کر لی ہے، جہاں اب ان کا مقابلہ ٹورنامنٹ کی ٹاپ ٹیموں سے ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp