پی ایس ایل 11: اسلام آباد یونائیٹڈ نے حیدرآباد کنگزمین کو عبرتناک شکست دے کر پلے آف میں جگہ پکی کرلی

جمعہ 24 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے 11ویں سیزن کے 36 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے یکطرفہ مقابلے کے بعد حیدرآباد کنگزمین کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے اس میچ میں یونائیٹڈ کے باؤلرز نے تباہ کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حیدرآباد کی پوری ٹیم کو محض 80 رنز پر ڈھیر کردیا، جس کے بعد بلے بازوں نے مطلوبہ ہدف صرف ساتویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے والے رچرڈ گلیسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 11: پشاور زلمی اور ملتان سلطانز پلے آف میں داخل، بقیہ 2 پوزیشنز کے لیے 4 ٹیموں میں جوڑ

ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے حیدرآباد کنگزمین کی ٹیم رچرڈ گلیسن، شاداب خان اور عماد وسیم کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ اوپنر معاذ صداقت پہلے ہی اوور میں صفر پر آؤٹ ہوئے تو وکٹیں گرنے کا جو سلسلہ شروع ہوا وہ تھم نہ سکا۔

کپتان مارنس لبوشین 5، صائم ایوب 12 اور اسٹار آل راؤنڈر گلین میکسویل صرف 1 رن بنا سکے۔ عثمان خان 25 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ آخری بلے بازوں میں حنین شاہ نے 15 رنز کا اضافہ کیا۔

رچرڈ گلیسن نے 9 رنز دے کر 3، کپتان شاداب خان نے 13 رنز دے کر 3 اور عماد وسیم نے 13 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ حیدرآباد کی پوری ٹیم 15.5 اوورز میں 80 رنز پر سمٹ گئی۔

یہ بھی پڑھیں: علی رضا نے پی ایس ایل کی تاریخ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے کم عمر ترین بولر کا اعزاز حاصل کرلیا

81 رنز کا آسان ہدف اسلام آباد یونائیٹڈ نے کسی مشکل کے بغیر صرف 6.4 اوورز میں حاصل کر لیا۔ اگرچہ اوپنر ڈیون کونوے صفر پر آؤٹ ہو گئے، لیکن سمیر منہاس اور محسن ریاض نے جارحانہ بیٹنگ سے میچ کو جلد ختم کر دیا۔

محسن ریاض نے 18 گیندوں پر 42 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جس میں 6 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے، جبکہ سمیر منہاس 27 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ حیدرآباد کی جانب سے محمد علی نے 2 وکٹیں حاصل کیں مگر وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔

اس فتح کے ساتھ ہی اسلام آباد یونائیٹڈ پوائنٹس ٹیبل پرمستحکم ہو گئی ہے جبکہ حیدرآباد کنگزمین کے لیے اگلے مرحلے کی راہ اب انتہائی مشکل ہو گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp