پاکستان سمیت دنیا بھر سے عازمینِ حج کی سعودی عرب آمد کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک 20 ہزار سے زائد عازمین مختلف پروازوں کے ذریعے مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں جہاں ان کی خدمت اور سہولت کے لیے انتظامات مکمل طور پر فعال ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مدینہ میں پاکستانی عازمین حج کے لیے ریاض الجنہ حاضری کا آغاز
سعودی میڈیا کے مطابق مدینہ منورہ پہنچنے والے عازمین کے ابتدائی قافلے اپنی 8 روزہ قیام مکمل کرنے کے بعد مکہ مکرمہ روانہ ہونا شروع ہو گئے ہیں جہاں وہ عمرہ اور دیگر مناسک ادا کریں گے۔ وقوفِ عرفہ، جو حج کا رکنِ اعظم ہے، منگل 26 مئی 2026 کو متوقع ہے۔
سعودی حکام نے خبردار کیا ہے کہ حج کے دوران موسم گرم رہے گا اور درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
طبی ماہرین نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ دھوپ سے بچاؤ کے لیے چھتری اور سایہ دار جگہوں کا استعمال کریں، پانی زیادہ پییں اور اسپرے بوتل ساتھ رکھیں۔
مزید برآں احتیاطی تدابیر کے طور پر عازمین کو گردن توڑ بخار، انفلوئنزا اور پولیو سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے تاکہ دورانِ حج صحت کے مسائل سے محفوظ رہا جا سکے۔
مزید پڑھیے: سعودی عرب میں عازمین حج کی آمد شروع، وزارت حج کی جانب سے بہترین سہولیات کی فراہمی
انتظامیہ کے مطابق مکہ مکرمہ روانگی، زیارات اور دیگر امور کی نگرانی کے لیے تمام متعلقہ ادارے مسلسل خدمات انجام دے رہے ہیں تاکہ عازمینِ حج کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔
قبل ازیں گزشتہ روز پاکستان کی وزارت مذہبی امور کے ترجمان کا کہنا تھا کہ حج آپریشن کے پہلے 7 روز کے دوران 59 پروازوں کے ذریعے 15 ہزار 26 پاکستانی عازمین مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں جبکہ مزید پروازوں کے ذریعے عازمین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق عازمین کی خدمت کے لیے اب تک وزارت مذہبی امور کے 80 افسران، حج میڈیکل مشن کے 50 اہلکار اور 134 دیگر عملہ سعودی عرب پہنچ چکا ہے جو خدام الحجاج کے طور پر اپنے فرائض انجام دے رہا ہے۔
مدینہ منورہ میں مین کنٹرول آفس، ایئرپورٹ استقبالیہ، رہائش، خوراک، ٹرانسپورٹ اور کال سینٹر سمیت تمام شعبے چوبیس گھنٹے فعال ہیں۔
ریاض الجنہ کی زیارت کے حوالے سے بھی پیشرفت جاری ہے اور اب تک 4 ہزار 611 پاکستانی عازمین کو زیارت کی سعادت حاصل ہو چکی ہے۔ اس کے علاوہ شکایات اور گمشدگی و بازیابی کے شعبے نے مؤثر کارکردگی دکھاتے ہوئے گمشدہ سامان اور افراد کو تلاش کر کے عازمین تک پہنچایا ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی سے روانہ ہونے والی عازمین حج کی پہلی پرواز مدینہ منورہ پہنچ گئی، پرتپاک استقبال
عازمین کی صحت کے لیے پاکستان حج میڈیکل مشن بھی متحرک ہے جس کے تحت اب تک سینکڑوں افراد کو طبی سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں جن میں او پی ڈی، ڈینٹل اور ای سی جی خدمات شامل ہیں۔












