بھارتی ریاست گجرات کے شہر سورت میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک شخص نے اپنی اہلیہ کو قتل کر کے اس کی لاش کو ایک لکڑی کے صندوق میں چھپا دیا اور پھر پولیس کو گمراہ کرنے کے لیے خود ہی گمشدگی کی رپورٹ درج کرا دی۔
پولیس کے مطابق 40 سالہ وِشال سالوی نے اپنی 39 سالہ اہلیہ شلپا سالوی کی گمشدگی کی اطلاع دی تھی جو پیشے کے اعتبار سے ڈائیٹیشن تھیں۔ اس نے دعویٰ کیا تھا کہ شلپا چار روز قبل گھر سے لاپتہ ہو گئی تھیں جس پر پولیس نے ابتدائی طور پر گمشدگی کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کی۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور میں 3 کمسن بہن بھائیوں کا بہیمانہ قتل، پولیس کی تحقیقات جاری
تاہم تحقیقات میں اس وقت اہم پیش رفت ہوئی جب پولیس کو گھر سے ایک ہاتھ سے لکھی ہوئی پرچی ملی جو مبینہ طور پر وِشال سالوی نے تحریر کی تھی اور اسے ان کے کم عمر بیٹے نے پولیس کے حوالے کیا۔ اس نوٹ میں اعترافی انداز میں لکھا گیا تھا کہ اس سے سنگین غلطی سرزد ہو گئی ہے اور شلپا اب زندہ نہیں ہیں۔
اس انکشاف کے بعد پولیس نے کیس کا رخ تبدیل کرتے ہوئے اسے قتل کا مقدمہ قرار دیا اور ملزم کی تلاش شروع کر دی۔ تفتیش کے دوران پولیس نے سلابت پورہ تھانے کی حدود میں واقع ایک پرانی اور ویران عمارت پر چھاپہ مارا جو ملزم سے منسلک بتائی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: باپ کے قتل میں ملوث مجرم کی سزائے موت برقرار، سپریم کورٹ نے اپیل مسترد کر دی
عمارت کا دروازہ توڑنے پر اندر شدید بدبو پائی گئی جبکہ ایک کمرے میں موجود لکڑی کے صندوق سے خاتون کی گل سڑ چکی لاش برآمد ہوئی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق لاش کو چھپانے کے لیے اس پر کچا سیمنٹ بھی ڈالا گیا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی اندازوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ قتل واقعے سے چار سے پانچ روز قبل کیا گیا تھا جس کے بعد گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی گئی۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے جبکہ فرانزک ٹیمیں شواہد اکٹھے کر رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مشتبہ قتل یا خودکشی؟ بنگلہ دیش میں مندر کے خادم کی موت کی تحقیقات جاری
سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ تفتیش کا آغاز گمشدگی کی شکایت پر ہوا تھا تاہم دستیاب شواہد اور تحریری نوٹ نے معاملے کو قتل میں تبدیل کر دیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق میاں بیوی کے درمیان طویل عرصے سے تنازع چل رہا تھا اور ملزم کو اہلیہ کے مبینہ غیر ازدواجی تعلقات کا شبہ تھا جو ممکنہ طور پر اس واقعے کی وجہ ہو سکتا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم وِشال سالوی تاحال فرار ہے اور اسے گرفتار کرنے کے لیے مختلف ٹیمیں سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر ذرائع کی مدد سے کارروائی کر رہی ہیں۔














