ہندو نوجوان شناخت چھپا کر مسلمان خواتین سے شادی کرنے لگے

پیر 27 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت کے شہروں ممبئی اور بریلی میں 2 مسلم خواتین نے اپنے شوہروں پر شناخت چھپا کر شادی کرنے اور بعد ازاں گھریلو تشدد کا نشانہ بنانے کے سنگین الزامات عائد کیے ہیں، جبکہ دونوں واقعات کی تحقیقات پولیس نے شروع کر دی ہیں۔

بھارت کے شہر ممبئی اور بریلی سے تعلق رکھنے والی 2 مسلم خواتین نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے شوہروں نے شادی سے قبل اپنی ہندو شناخت چھپا کر انہیں دھوکے میں رکھا اور بعد میں انہیں گھریلو تشدد اور بدسلوکی کا نشانہ بنایا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ممبئی میں ایک خاتون نے پولیس کو بتایا کہ اس کے شوہر منیش سے اس کی ملاقات سوشل میڈیا کے ذریعے ہوئی، جہاں اس نے خود کو کسی اور شناخت کے ساتھ پیش کیا۔ خاتون کا کہنا ہے کہ شادی کے بعد اسے مسلسل تشدد کا سامنا کرنا پڑا، حتیٰ کہ حمل کے دوران اور جڑواں بیٹیوں کی پیدائش کے بعد بھی اسے مارا پیٹا گیا۔

یہ بھی پڑھیے بی جے پی رہنما کی مسلمان مینیجر کو ہراساں کرنے کی ویڈیو وائرل، بھارتی ہندو بھی اس حرکت پر تلملا اٹھے

خاتون کے مطابق، ’میرے شوہر دورانِ حمل نکیتا پاریکھ نامی خاتون سے رابطے میں تھے، جب میں نے اعتراض کیا تو انہوں نے مجھے تشدد کا نشانہ بنایا۔‘

انہوں نے مزید الزام لگایا کہ سسرال والوں نے بیٹے کی پیدائش نہ ہونے پر ناراضی کا اظہار کیا اور یہاں تک کہا کہ ’اگر بچے نوزائیدہ نگہداشت یونٹ (NICU) میں ہی فوت ہو جاتے تو بہتر ہوتا۔‘

خاتون نے دعویٰ کیا کہ اسے مالی مطالبات کا سامنا بھی رہا، جبکہ اس کے شوہر، نند اور دیگر افراد نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور اسے اپنے بچوں اور ذاتی دستاویزات تک رسائی سے بھی محروم رکھا گیا۔

دوسری جانب بریلی میں پیش آنے والے ایک علیحدہ واقعے میں فاطمہ نامی خاتون نے الزام عائد کیا کہ اس کے شوہر آشیش گنگوار نے انسٹاگرام پر خود کو ’رحمان‘ ظاہر کیا اور بعد ازاں ان دونوں نے نکاح کیا۔ فاطمہ کے مطابق اسے شوہر کی اصل شناخت کا علم کئی ماہ بعد اس وقت ہوا جب اس کے سسر کا انتقال ہوا۔

یہ بھی پڑھیے ’خدا دیکھ رہا ہے‘، نماز سے متعلق ویڈیو پر شارک ٹینک کی جج کا ہندو ٹرولرز کے خلاف سخت ردعمل

فاطمہ کا کہنا تھا، ’جب مجھے حقیقت کا پتہ چلا تو میں شدید صدمے میں آ گئی۔‘

انہوں نے مزید الزام لگایا کہ حال ہی میں ان کا شوہر بریلی جنکشن سے ان کے چار ماہ کے بیٹے کو ساتھ لے کر فرار ہو گیا۔

’وہ میرے بچے کو لے کر بھاگ گیا، مجھے نہیں معلوم میرا بچہ کہاں ہے‘

انہوں نے دعویٰ کیا کہ شوہر نے انہیں دھمکیاں بھی دیں اور بچے کو فروخت کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔

فاطمہ نے اس حوالے سے نواب گنج تھانے میں شکایت درج کرا دی ہے، جبکہ پولیس کے مطابق دونوں واقعات کی تحقیقات جاری ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp