فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دنیا میں پاکستان کا وقار مزید بڑھادیا، صوبائی وزیر برائے بلدیات ذیشان رفیق

منگل 28 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صوبائی وزیر برائے بلدیات ذیشان رفیق کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کے باعث پاکستان کو عالمی سطح پر جو عزت و وقار حاصل ہوا ہے اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد مذاکرات اہم پیشرفت، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے باعث یہ سب ممکن ہوا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

وی نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے صوبائی وزیر برائے بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ گزشتہ سال بھارت کے ساتھ کشیدگی کے بعد پاکستان کے عالمی تشخص میں نمایاں بہتری آئی ہے اور اب دنیا پاکستان کو ایک اہم اور باوقار ریاست کے طور پر دیکھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عاصم منیر نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا نہ صرف ملکی سطح پر بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی منوایا ہے۔ ان کے مطابق خارجہ پالیسی اور سفارت کاری کے میدان میں بھی پاکستان نے مؤثر کردار ادا کیا ہے۔

ذیشان رفیق کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی اور ممکنہ مذاکرات کے لیے پاکستان نے اہم سفارتی کردار ادا کیا، جس میں آرمی چیف کا کلیدی کردار رہا۔ ان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس موقع پر ایران کا دورہ بھی کیا جب صورتحال انتہائی حساس تھی۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا میں تیسری عالمی جنگ کے خدشات ظاہر کیے جا رہے تھے اور عالمی معیشت کو شدید خطرات لاحق تھے تاہم وزیر اعظم شہباز شریف ، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں دنیا کو تباہی سے بچالیا۔

ان کے مطابق پاکستان کی یہ سفارتی کوششیں اور ثالثی کا کردار عالمی سطح پر یاد رکھا جائے گا۔

’ستھرا پنجاب اتھارٹی قائم ہوگئی‘

صوبائی وزیر برائے بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا صفائی کا فلیگ شپ پروگرام ’ستھرا پنجاب‘ نہ صرف ملک میں بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی سراہا گیا ہے اور اسے ایک کامیاب ماڈل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کو اب ضلعی سطح تک توسیع دے دی گئی ہے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس کی مؤثر عملدرآمد کے لیے ’ستھرا پنجاب اتھارٹی‘ بھی قائم کر دی ہے تاکہ صفائی اور سیوریج کے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔

ذیشان رفیق کے مطابق دیہاتوں میں جہاں پہلے ہفتے میں ایک بار صفائی کی جاتی تھی اب اسے بڑھا کر ہفتے میں 3 بار کر دیا گیا ہے جبکہ بڑے شہروں میں سیکنڈ شفٹ صفائی کا نظام بھی شروع کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اتوار کے روز بھی خصوصی صفائی مہمات کے لیے عملہ متحرک رہے گا تاکہ شہر مسلسل صاف رہ سکیں۔

مزید پڑھیے: خیبرپختونخوا حکومت کی ’ستھرا پنجاب‘ ماڈل میں دلچسپی، مریم نواز سے تعاون طلب کرلیا

انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب کا دائرہ کار اب سڑکوں اور ہائی ویز تک بھی بڑھا دیا گیا ہے جہاں خصوصی اسکواڈ صفائی کے فرائض انجام دے گا۔ حکومت کی کوشش ہے کہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں اور صفائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے۔

وزیر بلدیات نے مزید بتایا کہ چھوٹے اور بڑے شہروں میں بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کے لیے زیرِ زمین واٹر اسٹوریج ٹینکس تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ ان منصوبوں سے نہ صرف بارش کے پانی کا بہتر استعمال ممکن ہوگا بلکہ زیرِ زمین پانی کی سطح بھی بہتر ہو گی اور اربن فلڈنگ کے خطرات میں نمایاں کمی آئے گی۔

ان کے مطابق یہ پانی بعد میں زرعی مقاصد کے لیے بھی استعمال کیا جا سکے گا جس سے پانی کے وسائل کو بہتر انداز میں بروئے کار لانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ دیہاتوں میں موجود تالابوں اور چھپڑوں کی صفائی کا بھی منصوبہ بنایا گیا ہے جبکہ ہر گاؤں میں منی ویسٹ ٹریٹمنٹ پلانٹس لگانے کی تجویز پر کام جاری ہے تاکہ گندے پانی کو صاف کر کے دوبارہ قابلِ استعمال بنایا جا سکے۔

’حلقہ بندیوں کا عمل جاری ہے، مکمل ہوتے ہی بلدیاتی انتخابات کروادیے جائیں گے‘

ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر برائے لوکل باڈیز ذیشان رفیق نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے اس وقت حلقہ بندیوں کا عمل جاری ہے اور جیسے ہی یہ مرحلہ مکمل ہوگا بلدیاتی انتخابات کروا دیے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: مریم نواز کا ’ستھرا پنجاب‘ کے ورکرز کو راشن کارڈ دینے کا اعلان

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جانب سے لوکل باڈیز کے حوالے سے بل کے معاملے پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق بعض سیاسی حلقے نہیں چاہتے کہ بلدیاتی انتخابات کا عمل آگے بڑھے۔

ذیشان رفیق کا کہنا تھا کہ یونین کونسل، تحصیل کونسل اور کارپوریشن کی سطح پر انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہی ہوں گے۔

’گوبر ٹیکس کا نفاذ افواہ ہے‘

صوبائی وزیر برائے لوکل باڈیز ذیشان رفیق نے اس حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’گوبر ٹیکس‘ کے نام سے کسی بھی قسم کا ٹیکس عائد کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی مشاورت زیر غور ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی خبریں بے بنیاد ہیں اور غلط معلومات پر مبنی ہیں۔ ان کے مطابق حکومت کی جانب سے کوئی گوبر ٹیکس وصول نہیں کیا جارہا۔

یہ بھی پڑھیے: پنجاب میں پالتو کتوں کی رجسٹریشن لازمی قرار، خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کا اعلان

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اس وقت صفائی ٹیکس ہی نہیں لے رہا تو یہ گوبر ٹیکس کا تصور کہاں سے آگیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp