مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ رواں سال متعدد پرانے اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز پر کام کرنا بند کر دے گی جس کے باعث لاکھوں صارفین کو ایپ تک رسائی کھونے کا سامنا ہو سکتا ہے اگر وہ اپنے ڈیوائس اپ ڈیٹ نہ کریں۔
یہ بھی پڑھیں: سوشل میڈیا میں بڑی تبدیلی: میٹا نے فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کو ایک کردیا
واٹس ایپ ہیلپ سینٹر کے مطابق 8 ستمبر 2026 سے وہ تمام فونز جن میں اینڈرائیڈ 6 سے پرانا سسٹم چل رہا ہے اس ایپ کو سپورٹ نہیں کریں گے۔ اس کا مطلب ہے کہ اینڈرائیڈ 5.0 اور اینڈرائیڈ 5.1 پر چلنے والے ڈیوائسز پر واٹس ایپ استعمال نہیں کیا جا سکے گا۔
کمپنی کے مطابق یہ اقدام سیکیورٹی، کارکردگی اور نئی خصوصیات کے بہتر نفاذ کے لیے کیا جا رہا ہے کیونکہ پرانے آپریٹنگ سسٹمز جدید اپ ڈیٹس اور سیکیورٹی فیچرز کو سپورٹ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔
اگرچہ متاثرہ ماڈلز کی مکمل فہرست جاری نہیں کی گئی، تاہم یہ تبدیلی زیادہ تر سنہ 2014 سے پہلے متعارف کرائے گئے اسمارٹ فونز کو متاثر کرے گی جن میں سام سنگ، سونی، ایچ ٹی سی، ایل جی اور ہواوے کی پرانے ڈیوائسز شامل ہو سکتے ہیں۔
مزید پڑھیے: واٹس ایپ کا نیا پریمیم پلان، صارفین کو ماہانہ کتنی فیس ادا کرنا ہوگی؟
صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے فون کی سیٹنگز میں جا کر اینڈرائیڈ ورژن چیک کریں اور اگر ممکن ہو تو اسے اپ ڈیٹ کریں۔
اگر ڈیوائس نئے ورژن کو سپورٹ نہیں کرتا تو واٹس ایپ استعمال جاری رکھنے کے لیے نیا اسمارٹ فون لینا ضروری ہوگا۔
ماہرین نے یہ بھی تجویز دی ہے کہ صارفین اپنی چیٹس اور میڈیا کا بیک اپ پہلے سے محفوظ کر لیں تاکہ سپورٹ ختم ہونے کے بعد اہم ڈیٹا ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔
مزید پڑھیں: واٹس ایپ کا نیا فیچر: اب نامعلوم نمبرز کے اسٹیٹس بھی دیکھنا ممکن
واضح رہے کہ واٹس ایپ اس سے قبل بھی پرانے ڈیوائسز کی سپورٹ ختم کرتا رہا ہے تاکہ دنیا بھر میں اپنے صارفین کو محفوظ اور مؤثر سروس فراہم کی جا سکے۔












