ایشین بیچ گیمز: پاکستان 4 تمغے جیت لایا، فائنل میں میدان مارلینے والے ایرانی پہلوانوں سے دلچسپ مقابلے

بدھ 29 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے کھلاڑیوں نے چین کے شہر سانیا میں منعقد ہونے والے ایشین بیچ گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 تمغے اپنے نام کر لیے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلامی یکجہتی گیمز، پاکستانی پہلوان نے کانسی کا تمغہ جیت لیا

ریسلنگ کے مقابلوں میں اسد اللہ نے 80 کلوگرام کیٹیگری میں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے چاندی کا تمغہ حاصل کیا تاہم فائنل میں انہیں ایرانی حریف کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اسی طرح انعام بٹ نے 90 کلوگرام ویٹ کلاس میں سلور میڈل جیتا جہاں فائنل مقابلے میں انہیں ایران کے پہلوان نے شکست دی۔ 70 کلوگرام کیٹیگری میں محمد عبداللہ نے کانسی میڈل حاصل کیا۔ وہ سیمی فائنل میں کرغزستان کے حریف سے ہار گئے تھے جس کے بعد انہوں نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

انعام بٹ اور اسد اللہ نے ٹورنامنٹ کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی اپنی کیٹیگریز کے فائنلز تک رسائی حاصل کی۔ دونوں پہلوانوں نے گولڈ میڈل کے مقابلوں میں بھرپور مقابلہ کیا تاہم مضبوط ایرانی حریفوں کے خلاف معمولی فرق سے شکست کے بعد چاندی کے تمغوں پر اکتفا کرنا پڑا۔

90 کلوگرام کٹیگری

90 کلوگرام کیٹیگری میں انعام بٹ نے اپنی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے بحرین اور منگولیا کے حریفوں کو شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی۔

مزید پڑھیے: پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے ارشد ندیم سمیت 36 کھلاڑیوں میں کیش انعامات تقسیم

انہوں نے کوارٹر فائنل میں بحرین کے ماگومید شریپوف کو جبکہ سیمی فائنل میں تربولڈ گن بولڈ کو شکست دی۔ فائنل میں ان کا مقابلہ ایران کے امیرحسین کاؤسی سے ہوا تاہم وہ گولڈ میڈل حاصل نہ کر سکے۔

80 کلوگرام کٹیگری

80  کلوگرام کیٹیگری میں اسد اللہ نے کوارٹر فائنل میں بھارت کے مور سچن اور سیمی فائنل میں چین کے فینگ لو کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔ تاہم فائنل میں انہیں ایران کے علی غلامی کے ہاتھوں 0-3 سے شکست ہوئی اور وہ سلور میڈل کے حقدار ٹھہرے۔

70 کلوگرام کٹیگری

70 کلوگرام کیٹیگری میں محمد عبداللہ نے بھی عمدہ کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے کوارٹر فائنل میں تھائی لینڈ کے پہلوان کو شکست دی تاہم سیمی فائنل میں بھارت کے سدھارتھ کے خلاف سخت مقابلے کے بعد شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

صدر پاکستان ریسلنگ فیڈریشن ارشد ستار نے کھلاڑیوں، کوچز اور آفیشلز کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے جذبے اور عزم کو سراہا۔

مزید پڑھیں: بیچ ریسلنگ ورلڈ سیریز: انعام بٹ نے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا

انہوں نے کہا کہ پہلوانوں نے اپنی شاندار کارکردگی کے ذریعے پاکستان کا پرچم بلند کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔

پاکستان کی شاندار مجموعی کارکردگی

پاکستان نے ٹورنامنٹ کا اختتام مجموعی طور پر 3 تمغوں کے ساتھ کیا جن میں ریسلنگ میں 2 چاندی جبکہ بیچ کبڈی میں ایک کانسی کا تمغہ شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیے: ممنوعہ ادویات استعمال کرنے کا الزام ثابت، پاکستانی ریسلرعلی اسد پر 4 سال کی پابندی عائد

مزید برآں کبڈی میں بھی پاکستان نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے کانسی کا تمغہ جیتا جس سے مختلف کھیلوں میں قومی ٹیم کی مجموعی کارکردگی نمایاں رہی۔

ایرانی پہلوانوں کا غلبہ، چاروں فائنلز میں حریفوں کو چت کردیا

مینز بیچ ریسلنگ میں ایران نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چاروں فائنلز میں گولڈ میڈلز اپنے نام کر لیے اور مکمل برتری ثابت کی۔

مزید پڑھیں: رستم زماں گاما پہلوان جسے موت کے سوا کوئی زیر نہیں کرسکا

گولڈ میڈلز جیتنے والے ایرانی پہلوانوں میں 70 کلوگرام کیٹیگری میں علی اکبر زرودی، 80 کلوگرام میں علی غلامی، 90 کلوگرام میں امیرحسین کاؤسی جبکہ +90 کلوگرام کیٹیگری میں سید امیر رضا صحرائی محلی شامل ہیں جنہوں نے اپنے اپنے فائنلز میں کامیابی حاصل کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp