ماہ مئی میں 2 ماہ کامل: فلاور مون اور بلیو مون کے نایاب نظارے

بدھ 29 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دنیا بھر کے ماہرین فلکیات اور شوقین افراد کے لیے مئی 2026 ایک منفرد اور دلکش مہینہ ثابت ہونے جا رہا ہے جب آسمان پر ایک نہیں بلکہ 2 مکمل چاند (فل مون) نظر آئیں گے جو ایک نایاب فلکیاتی منظر پیش کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: نایاب فلکیاتی مظہر بلیک مون کب اور کیوں رونما ہوتا ہے؟

اس شاندار سلسلے کا آغاز یکم مئی کو فلاور مون سے ہوگا جو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر کے وقت اپنے عروج پر ہوگا۔ تاہم ماہرین کے مطابق اسے بہترین انداز میں غروب آفتاب کے فوراً بعد مشرقی افق پر دیکھا جا سکے گا جب یہ مکمل اور روشن دکھائی دے گا۔

فلاور مون کا نام شمالی امریکا کے مقامی قبائل نے بہار کے موسم میں کھلنے والے پھولوں کی مناسبت سے رکھا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ 2026 کا یہ چاند ایک ’مائیکرو مون‘ ہوگا یعنی یہ زمین سے نسبتاً زیادہ فاصلے (اپوجی) پر ہونے کے باعث عام چاند کے مقابلے میں تقریباً 14 فیصد چھوٹا دکھائی دے سکتا ہے۔

ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ اس خوبصورت منظر سے لطف اندوز ہونے کے لیے کھلے میدان یا کسی بلند مقام کا انتخاب کیا جائے جہاں مشرقی افق واضح نظر آئے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ مئی کا اختتام بھی اسی طرح ایک اور فل مون کے ساتھ ہوگا۔ 31 مئی کو بلیو مون نمودار ہوگا جو ایک ہی مہینے میں آنے والا دوسرا مکمل چاند ہونے کی وجہ سے خاص اہمیت رکھتا ہے۔

مزید پڑھیے: سال نو کا پہلا سپر مون آسمان پر جلوہ گر، فلکیاتی ماہرین کی اہم پیشگوئیاں

یہ بلیو مون 30 مئی کی رات اور 31 مئی کی صبح بہترین طور پر دیکھا جا سکے گا جبکہ اس کا عروج صبح کے اوقات میں ہوگا۔ اس نایاب ’ڈبل لونیشن‘ کے باعث سال 2026 میں مجموعی طور پر 13 فل مونز دیکھنے کو ملیں گے جو عام سالوں کے مقابلے میں ایک زیادہ ہیں۔

ماہرین کے مطابق پہلا چاند انسان کو اس کی موجودہ حالت کا احساس دلاتا ہے جبکہ دوسرا چاند اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ اس شعور کے ساتھ اس نے کیا حاصل کیا۔

الغرض پاکستان میں یہ فلکیاتی نظارہ یکم مئی کی شب غروب آفتاب کے بعد مشرقی افق پر دیکھا جا سکے گا جب فلاور مون مکمل روشن حالت میں ہوگا۔ اسی طرح بلیو مون 30 مئی کی رات اور 31 مئی کی صبح مشرقی افق پر واضح طور پر نظر آئے گا۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں 2025 کا آخری سُپرمون، شائقین فلکیات کو مسحور کرگیا

چاہے آپ اسے سائنسی نقطہ نظر سے دیکھیں یا روحانی مئی 2026 کا یہ چاندنی نظارہ آسمان سے جڑنے کا ایک نادر موقع فراہم کرے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp