ترجمان الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے کہا ہے کہ قانون ساز اسمبلی کی مخصوص نشستوں کے انتخابات کے شیڈول کے مطابق آج امیدواروں کی دستبرداری کا دن مقرر تھا۔
خواتین کے لیے مخصوص 5 نشستوں پر 7 امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے تھے۔ پیپلز پارٹی کی شاہین کوثر ڈار کی جانب سے کاغذات نامزدگی واپس لیے جانے کے بعد اب 6 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
مزید پڑھیں: عبدالرحمان آرائیں اوورسیز نشست پر بلامقابلہ رکن آزاد کشمیر اسمبلی منتخب، ان کو یہ نشست کن خدمات پر ملی؟
خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے امیدواروں میں مسلم لیگ ن کی جانب سے رفعت عابد، سحرش قمر، مریم ادریس اور مریم زمان شامل ہیں، جبکہ فرزانہ یعقوب اور زوبیہ خورشید راجا پیپلز پارٹی کی امیدوار ہیں۔
علمائے دین و مشائخ کی نشست پر 2 امیدوار
علمائے دین و مشائخ کی ایک مخصوص نشست کے لیے مسلم لیگ ن کے پیر مظہر سعید اور پیپلز پارٹی کے حافظ طارق محمود کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
ٹیکنوکریٹس و پروفیشنلز کی نشست پر بھی مقابلہ
ٹیکنوکریٹس و پروفیشنلز کی ایک مخصوص نشست کے لیے مسلم لیگ ن کے سید افتخار گیلانی اور پیپلز پارٹی کے امیدوار صاحبزادہ ذوالفقار علی مدِمقابل ہوں گے۔
بیرون ملک مقیم ریاستی باشندوں کی نشست پر بلامقابلہ انتخاب
الیکشن کمیشن کے مطابق ریاستی باشندگان مقیم بیرون ملک کے لیے مخصوص ایک نشست پر صرف ایک امیدوار کے کاغذات نامزدگی منظور ہوئے تھے، جس کے باعث مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے عبدالرحمان آرائیں بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔
انتخابی شیڈول کے مطابق خواتین، ٹیکنوکریٹس و پروفیشنلز اور علمائے دین و مشائخ کی مخصوص نشستوں کے لیے پولنگ کل 24 اگست 2026 کو ہوگی۔
مزید پڑھیں: سردار ساجد اقبال نے غربی باغ کا ناقابل تسخیر قلعہ آخر کیسے فتح کیا؟
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کا عمل صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک اسمبلی ہال مظفرآباد میں جاری رہے گا۔












