وفاقی وزرا نے معرکۂ حق کے کمسن شہید ارتضیٰ عباس کے گھر جا کر اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا اور شہید کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک اور وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر اس موقع پر موجود تھیں، جبکہ وفد کے دیگر ارکان نے بھی شہید کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی۔
یہ بھی پڑھیں:معرکہ حق کی کامیابی کا ایک سال، واہگہ بارڈر پر خصوصی تقریب میں افواج پاکستان کو خراج تحسین
وفد کے ارکان نے بھارتی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے 7 سالہ ارتضیٰ عباس کے عزم و ہمت کو سلام پیش کیا۔ بتایا گیا کہ شہادت کے وقت ان کے والد لیفٹیننٹ کرنل ظہیر عباس لائن آف کنٹرول پر دشمن کے خلاف برسرِ پیکار تھے اور بیٹے کی شہادت کے باوجود انہوں نے محاذِ جنگ پر اپنے فرائض کی ادائیگی جاری رکھتے ہوئے دشمن کو بھرپور جواب دیا۔
وفاقی وزراء کی معرکۂ حق کے کمسن مجاہد ارتضیٰ عباس شہید کے گھر آمد! عطاء اللہ تارڑ، مصدق ملک اور وجیہہ قمر کا ارتضیٰ عباس کو خراجِ عقیدت
کمسن مجاہد ارتضیٰ عباس کی شہادت نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ شہید کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، عطاء اللہ تارڑ
شہداء کی لازوال… pic.twitter.com/JdHJeG0MYR— WE News (@WENewsPk) April 30, 2026
وفاقی وزرا نے لیفٹیننٹ کرنل ظہیر عباس کے عزم اور حوصلے کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ کمسن شہید ارتضیٰ عباس کی قربانی نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے اور پاکستان کی سلامتی و استحکام کے لیے دی جانے والی یہ قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں:معرکہ حق کا ایک سال مکمل، ’ہم ہیں بنیان مرصوص‘ ٹیزر جاری
انہوں نے مزید کہا کہ معرکۂ حق میں افواجِ پاکستان کی قربانیوں اور قوم کی دعاؤں سے کامیابی حاصل ہوئی جس پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا کہ شہداء کی لازوال قربانیوں نے قوم کے حوصلے مزید مضبوط کیے ہیں، جبکہ وجیہہ قمر نے کہا کہ شہداء کے اہلِ خانہ صبر و استقامت کی روشن مثال ہیں اور قوم ان کے جذبے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔












