فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) کی جانب سے سی ایس ایس مقابلے کے امتحان 2025 کے حتمی نتائج جاری کر دیے گئے ہیں، جن میں آزادکشمیر کی 4 خواتین امیدواروں نے نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے مختلف وفاقی سروس گروپس میں جگہ بنا لی، جبکہ آزادکشمیر سے کوئی بھی مرد امیدوار کامیاب نہ ہو سکا۔
جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر سے 12 ہزار 792 امیدواروں نے تحریری امتحان میں شرکت کی، تاہم صرف 355 امیدوار تحریری مرحلہ عبور کرنے میں کامیاب رہے۔ بعد ازاں ان میں سے 170 امیدواروں کو مختلف سرکاری سروس گروپس کے لیے منتخب کیا گیا، جن میں 84 مرد اور 86 خواتین شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر: الیکشن سے قبل سیاسی جوڑ توڑ جاری، ن لیگ اور کشمیر جے یو آئی کا مل کر الیکشن لڑنے کا فیصلہ
فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے مطابق اس سال کامیابی کا تناسب محض 2.67 فیصد رہا، جو سی ایس ایس امتحان کے سخت اور مسابقتی معیار کی عکاسی کرتا ہے۔
آزادکشمیر سے کامیاب ہونے والی خواتین میں انیقہ فاطمہ، ایمن اسد، ولیجہ نثار اور صبا شاہ روم شامل ہیں، جنہوں نے اپنی محنت اور صلاحیتوں کے بل پر یہ اہم کامیابی حاصل کی۔
انیقہ فاطمہ
انیقہ فاطمہ کا تعلق ضلع کوٹلی کی تحصیل فتح پور تھکیالہ سے ہے۔ وہ صدر معلم (ر) چوہدری محمد شفیع مرحوم کی صاحبزادی اور سابق صدر پریس کلب فتح پور تھکیالہ نعمان شفیع کی بہن ہیں۔
سی ایس ایس امتحان میں کامیابی کے بعد ان کی پاکستان کسٹمز سروس میں اسسٹنٹ کے عہدے کے لیے سفارش کی گئی ہے۔
ایمن اسد
مظفرآباد کے حلقہ کوٹلہ کی یونین کونسل بلگراں سے تعلق رکھنے والی ایمن اسد بھی کامیاب امیدواروں میں شامل ہیں۔ انہیں اسسٹنٹ کمشنر ان لینڈ ریونیو کے عہدے کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایمن اسد یتیم طالبہ تھیں اور ان کی والدہ جو پیشے کے اعتبار سے اسکول ٹیچر ہیں، نے انتہائی محنت اور حوصلے سے اپنی بیٹی کی تعلیم و تربیت جاری رکھی، جس کے نتیجے میں وہ آج اس مقام تک پہنچنے میں کامیاب ہوئیں۔
ولیجہ نثار
ضلع جہلم ویلی کی یونین کونسل لمنیاں سے تعلق رکھنے والی ولیجہ نثار خواجہ نے بھی سی ایس ایس امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے۔ وہ خواجہ نثار احمد مرحوم کی صاحبزادی ہیں۔
ان کی تقرری کے لیے کامرس اینڈ ٹریڈ گروپ کی سفارش کی گئی ہے۔ ان کی کامیابی پر اہلِ علاقہ، سماجی حلقوں اور سیاسی شخصیات نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے جہلم ویلی کیلئے باعثِ فخر قرار دیا ہے۔
صبا شاہ روم
راولاکوٹ کے نواحی علاقے بنگوہئں ہلاں سے تعلق رکھنے والی صبا شاہ روم نے بھی سی ایس ایس امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔
انہیں آفس مینجمنٹ گروپ میں منتخب کیا گیا ہے۔ ان کی اس کامیابی کو اہلِ خانہ اور علاقہ مکینوں نے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صبا شاہ روم نے اپنی محنت اور لگن سے علاقے کا نام روشن کیا ہے۔













