پاکستان سپر لیگ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے حیدرآباد کنگز کے باولر حنین شاہ نے کہا ہے کہ ان کی کامیابی کا راز سادہ حکمت عملی اور بھرپور محنت ہے، انہوں نے ہر لمحہ یہی سوچا کہ میدان میں اپنی بہترین کارکردگی دینی ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دینے کے بعد پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ فائنل میں رسائی کے بعد ٹیم کا ہدف واضح ہے کہ بنیادی چیزوں پر توجہ رکھتے ہوئے بہترین کھیل پیش کیا جائے، ان کے مطابق ٹیم کے تمام کھلاڑی میچ ونر ہیں اور یہی اعتماد انہیں آگے لے جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: پی ایس ایل11: حیدرآباد کنگز سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کو 2 رنز سےہراکر فائنل میں پہنچ گئی
میچ کے اہم لمحات کا ذکر کرتے ہوئے حنین شاہ نے کہا کہ آخری اوور میں 6 رنز کا دفاع کرنا تھا، اس دوران زیادہ بات چیت کے بجائے سادہ منصوبہ بنایا گیا، انہوں نے 6 یارکرز کرنے کا ہدف رکھا اور اسی کے مطابق فیلڈ سیٹ کی، ساتھ ہی اللہ پر بھروسہ رکھا جو کامیابی کا سبب بنا۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ شائقین کی موجودگی کھلاڑیوں کے لیے بہت اہم ہوتی ہے، کراؤڈ سے ملنے والا حوصلہ ان کی کارکردگی پر مثبت اثر ڈالتا ہے اور اس میچ میں بھی انہیں بھرپور سپورٹ ملی۔
واضح رہے کہ حیدرآباد کنگز مین نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کو 2 رنز سے شکست دے کر پہلی بار پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں جگہ بنا لی، یہ ان کی 8 میچز میں 7ویں کامیابی بھی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: پی ایس ایل 11: اسلام آباد یونائیٹڈ نے حیدرآباد کنگزمین کو عبرتناک شکست دے کر پلے آف میں جگہ پکی کرلی
لاہور میں کھیلے گئے دوسرے ایلیمینیٹر میں شائقین کو ایک دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملا جہاں آخری اوور میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 6 رنز درکار تھے۔ اس سے قبل یونائیٹڈ نے آخری سے پہلے اوور میں 22 رنز بنا کر میچ کو اپنے حق میں کرنے کی بھرپور کوشش کی تھی۔
تاہم آخری اوور میں حنین شاہ نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے تین گیندوں میں دو ڈاٹ بالز کے بعد اہم وکٹ حاصل کرتے ہوئے فہیم اشرف کو آؤٹ کیا اور کسی بھی باؤنڈری کو روکنے میں کامیاب رہے، جس سے اسلام آباد کی ٹیم ہدف سے محروم رہ گئی۔














