امریکی وزیر خارجہ ٹرمپ اور پوپ کے تنازع کے بعد ویٹیکن کا دورہ کریں گے

اتوار 3 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا کے وزیر خارجہ مارکو روبیو اس ہفتے اٹلی کے دارالحکومت روم اور ویٹیکن کا دورہ کریں گے۔ یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب چند ہفتے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور پوپ لیو چہاردہم کے درمیان سخت بیانات کا تبادلہ سامنے آیا تھا۔

اطالوی حکومتی ذریعے کے مطابق مارکو روبیو، جو خود بھی کیتھولک ہیں، ویٹیکن کے سیکریٹری آف اسٹیٹ پیٹرو پیرولن اور اٹلی کے وزیر خارجہ انتونیو تاجانی سے ملاقات کریں گے۔ اطالوی میڈیا کے مطابق وہ اپنے دورے کے دوران وزیر دفاع گویڈو کروسیٹو سے بھی ملاقات کریں گے۔

یہ بھی پڑھیے: ’دنیا چند ظالموں کے ہاتھوں تباہ ہو رہی ہے‘ ، پوپ لیو کا لہجہ سخت ہونے لگا

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ دورہ امریکا اور ویٹیکن کے درمیان تعلقات میں کشیدگی کم کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ پوپ لیو چہاردہم نے امریکا کی ایران کے خلاف پالیسی اور جنگی بیانات پر تنقید کی تھی، جس پر ڈونلڈ ٹرمپ نے سخت ردعمل دیا تھا۔

پوپ لیو چہاردہم نے 7 اپریل کو ایران کے خلاف امریکی دھمکیوں کو ‘ناقابل قبول’ قرار دیتے ہوئے امن کی اپیل کی تھی، جس کے جواب میں ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر پوپ کو تنقید کا نشانہ بنایا اور ان کی پالیسیوں کو کمزور قرار دیا۔

دوسری جانب اطالوی وزیر اعظم جورجیا میلونی نے پوپ کے حق میں بیان دیتے ہوئے ٹرمپ کی تنقید کو ‘ناقابل قبول’ کہا، جس پر ٹرمپ نے میلونی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور ان کی قیادت پر سوال اٹھایا۔

یہ بھی پڑھیے: ریپبلکن سینیٹر کی جانب سے صدر ٹرمپ کی پوپ لیو کیخلاف مذہبی جنگ پر کڑی تنقید

ذرائع کے مطابق مارکو روبیو کا یہ دورہ دونوں فریقین کے درمیان کشیدہ تعلقات کو بہتر بنانے کی ایک اہم سفارتی کوشش سمجھا جا رہا ہے، جبکہ عالمی سطح پر امریکا، یورپ اور ویٹیکن کے تعلقات پر بھی اس کے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp