برطانیہ کے شہر برسٹل میں ہونے والے پراسرار دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ مقامی پولیس نے واقعے کو ‘میجر انسیڈنٹ’ قرار دیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
ایون اینڈ سومر سیٹ پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ برسٹل کی سٹرن کورٹ روڈ پر صبح ساڑھے 6 بجے پیش آیا۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کے نتیجے میں گھر میں موجود 2 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعے کی وجوہات مشکوک معلوم ہوتی ہیں، تاہم اسے دہشتگردی کی کارروائی قرار نہیں دیا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، امدادی ٹیمیں اور بم ڈسپوزل اسکواڈ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ حفاظتی اقدامات کے پیش نظر قریبی رہائشیوں کو گھروں کے اندر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ متاثرہ مکان کے بالکل قریب رہنے والے چند خاندانوں کو عارضی پناہ گاہوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین کو مطلع کردیا گیا ہے۔ تفتیش ابھی ابتدائی مراحل میں ہے، لیکن اب تک کی معلومات کے مطابق پولیس کو اس واقعے میں کسی تیسرے فرد کی تلاش نہیں ہے۔
حکام نے یہ بھی واضح کیا کہ دھماکے سے آس پاس کی دیگر عمارتوں کو کوئی بڑا نقصان پہنچنے کی اطلاع نہیں ملی۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ تحقیقات مکمل ہونے تک علاقے میں جانے سے گریز کریں اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔ دھماکے کی اصل وجہ جاننے کے لیے فرانزک ماہرین جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کررہے ہیں۔














