پاکستانی فوج کے کیڈٹ سَردار ارسام عباس نے آسٹریلین رائل ملٹری کالج کینبرا میں منعقدہ پاسنگ آؤٹ پریڈ کے دوران ’اوورآل بیسٹ فارن ملٹری کیڈٹ‘ کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ یہ اعزاز 5 مئی 2026 کو ہونے والی تقریب میں دیا گیا، جس میں ان کی شاندار پیشہ ورانہ کارکردگی اور اعلیٰ تربیتی معیار کو تسلیم کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل کو اللہ نے عزت دی، ایسا مقام پاکستان کو اس سے قبل کبھی نہیں ملا، گورنر پنجاب
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ اعزاز اُن غیر ملکی فوجی کیڈٹس کو دیا جاتا ہے جو تربیت کے تمام شعبوں میں سب سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔ کیڈٹ سَردار ارسام عباس (PMA 152 لانگ کورس) کی کامیابی پاکستان آرمی کے جونیئر لیڈرشپ کے اعلیٰ معیار، عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے۔
پاسنگ آؤٹ پریڈ کی نگرانی آسٹریلین آرمی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل سائمون اسٹیورٹ نے کی۔ تقریب میں سفارتی عملے، بشمول پاکستان ہائی کمیشن کینبرا کے نمائندوں، فارغ التحصیل کیڈٹس کے اہلِ خانہ اور آسٹریلین ڈیفنس فورس کے حکام نے شرکت کی۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان عسکری تعلقات طویل عرصے سے قائم ہیں۔ 2013 سے اب تک پاکستان آرمی کے 7 افسران رائل ملٹری کالج میں بطور پلاٹون کمانڈر خدمات انجام دے چکے ہیں جبکہ 2009 سے اب تک 46 پاکستانی کیڈٹس اس معتبر ادارے سے فارغ التحصیل ہو چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:مقبوضہ جموں کشمیر میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی حمایت میں پوسٹرز لگ گئے
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ 14واں موقع ہے کہ کسی پاکستانی آرمی کیڈٹ کو یہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔ ان میں لیفٹیننٹ ناصر حسین خالد سیلہرِیا شہید (تمغۂ بسالت) بھی شامل ہیں، جو 4 ستمبر 2020 کو شمالی وزیرستان میں شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہوئے تھے۔ ان کا نام آج بھی رائل ملٹری کالج کے پریڈ گراؤنڈ میں موجود یادگاری پتھر پر درج ہے، جو پاکستانی افسران کی جرأت، قربانی اور عزت کی علامت ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کامیابی پاکستان آرمی اور پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے، جو عالمی سطح پر پیشہ ورانہ معیار اور بہترین تربیت کی عکاس ہے۔














