پاکستان اور انٹری پوٹ معیشت

جمعہ 8 مئی 2026
author image

راحیل نواز سواتی

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دنیا کی معیشت میں بعض ممالک اپنی صنعت، بعض اپنی ٹیکنالوجی اور بعض اپنے قدرتی وسائل کی وجہ سے اہمیت رکھتے ہیں، لیکن کچھ ممالک ایسے بھی ہیں جنہوں نے صرف اپنی جغرافیائی حیثیت، بندرگاہوں اور تجارتی سہولیات کو استعمال کرتے ہوئے عالمی تجارت میں غیر معمولی مقام حاصل کیا، اس ماڈل کو انٹری پوٹ معیشت کہا جاتا ہے۔

انٹری پوٹ دراصل ایسا تجارتی نظام ہے جس میں ایک ملک دوسرے ممالک سے سامان درآمد کرتا ہے اور پھر اس سامان کو بغیر بڑی مینوفیکچرنگ کے کسی تیسرے ملک کو دوبارہ برآمد کر دیتا ہے۔ اس عمل میں اصل کمائی مصنوعات بنانے سے نہیں، بلکہ تجارت، لاجسٹکس، شپنگ، ویئرہاؤسنگ، انشورنس، پیکجنگ اور مالیاتی خدمات سے ہوتی ہے۔

یہ ماڈل دنیا میں نیا نہیں، تاریخ میں بھی بعض بندرگاہی شہر مشرق اور مغرب کے درمیان تجارتی پل کا کردار ادا کرتے رہے، لیکن جدید دور میں سنگاپور، دبئی، ہانگ کانگ اور نیدرلینڈز نے اس ماڈل کو غیر معمولی کامیابی کے ساتھ اپنایا۔ جدید عالمی تجارت میں یہ ایسے مراکز بن کر ابھرے جہاں بندرگاہیں صرف سامان اتارنے کی جگہ نہیں رہیں، بلکہ عالمی معیشت کے دھڑکتے ہوئے تجارتی مراکز بن گئیں۔

سنگاپور اس کی ایک شاندار مثال ہے، محدود رقبے اور محدود قدرتی وسائل کے باوجود سنگاپور نے اپنی بندرگاہ، کم ٹیکس، جدید لاجسٹکس اور تیز کسٹمز نظام کی بدولت خود کو عالمی تجارتی مرکز بنا لیا۔

آج دنیا بھر سے الیکٹرانکس، سیمی کنڈکٹرز، موبائل فونز، کمپیوٹر پارٹس، پیٹرولیم مصنوعات، کیمیکلز اور صنعتی مشینری سنگاپور آتی ہیں اور پھر ایشیا، افریقہ اور یورپ کی مختلف منڈیوں تک پہنچائی جاتی ہیں۔ سنگاپور کی اصل طاقت اس کی ’تیز اور کم لاگت تجارت‘ ہے۔

ہانگ کانگ بھی طویل عرصے تک ایشیا میں ری ایکسپورٹ، شپنگ اور مالیاتی خدمات کا ایک بڑا مرکز رہا ہے اور آج بھی ایک اہم تجارتی و مالیاتی مرکز کی حیثیت رکھتا ہے، تاہم خطے میں دیگر ابھرتے ہوئے مراکز کے باعث اسے سخت مسابقت کا سامنا ہے

جبکہ نیدرلینڈز، خصوصاً پورٹ آف روٹرڈیم، یورپ کے اہم ترین لاجسٹکس اور انٹری پوٹ مراکز میں شمار ہوتا ہے، جہاں دنیا بھر سے آنے والا سامان پورے یورپ میں تقسیم کیا جاتا ہے۔

اسی طرح دبئی نے بھی اپنی جغرافیائی حیثیت کو معاشی طاقت میں تبدیل کیا۔ دبئی خود زیادہ صنعتی پیداوار نہیں کرتا، مگر اس نے خود کو مشرق وسطیٰ، افریقہ اور جنوبی ایشیا کے درمیان ایک بڑے ری ایکسپورٹ حب کے طور پر منوایا ہے۔

دبئی میں الیکٹرانکس، موبائل فونز، گاڑیاں، آٹو پارٹس، سونا، جیولری، کپڑا، مشینری، خوراک اور پیٹرولیم مصنوعات بڑی مقدار میں درآمد ہو کر دوبارہ مختلف ممالک کو برآمد کی جاتی ہیں۔ خصوصاً جبل علی پورٹ اور فری زونز نے دبئی کو عالمی تجارت کا اہم مرکز بنا دیا ہے۔

ان ممالک کی کامیابی کی بنیادی وجوہات میں جدید بندرگاہیں، کم درآمدی ڈیوٹیز، تیز کسٹمز کلیئرنس، مستحکم پالیسی، کم کرپشن، جدید انفراسٹرکچر اور سرمایہ کار دوست ماحول شامل ہیں۔ انہوں نے دنیا کو یہ اعتماد دیا کہ ان کے ذریعے سامان محفوظ، تیز اور کم لاگت میں اپنی منزل تک پہنچ سکتا ہے۔

پاکستان کے لیے بھی انٹری پوٹ معیشت ایک بڑا موقع ثابت ہو سکتی ہے۔ پاکستان جغرافیائی لحاظ سے انتہائی اہم مقام پر واقع ہے۔ ایک طرف چین، دوسری جانب وسطی ایشیائی ریاستیں، جبکہ قریب ہی خلیجی ممالک موجود ہیں۔

اس کے علاوہ پاکستان کے پاس بحیرہ عرب تک رسائی بھی موجود ہے، یہی وجہ ہے کہ پاکستان مستقبل میں علاقائی تجارتی راہداری بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اس حوالے سے گوادر پورٹ خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ اگر گوادر کو حقیقی معنوں میں فری ٹریڈ اور لاجسٹکس حب بنایا جائے تو یہ وسطی ایشیا، افغانستان، چین اور مشرق وسطیٰ کے درمیان اہم تجارتی مرکز بن سکتا ہے۔

اسی طرح کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم پہلے ہی پاکستان کی تجارت میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، تاہم ان کی مکمل استعداد ابھی استعمال نہیں ہو سکی۔

پاکستان اگر انٹری پوٹ معیشت سے حقیقی فائدہ اٹھانا چاہے تو اسے چند بنیادی شعبوں میں اصلاحات کرنا ہوں گی۔ سب سے پہلے کسٹمز اور ٹیکس نظام کو آسان اور شفاف بنانا ضروری ہے۔ بندرگاہوں پر تاخیر، پیچیدہ دستاویزات اور غیر ضروری رکاوٹیں تجارت کو مہنگا بناتی ہیں۔

اسی طرح سستی اور مؤثر لاجسٹکس بھی ناگزیر ہے۔ ریلوے، شاہراہیں، ویئرہاؤسنگ اور کنٹینر سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہو گا تاکہ سامان کی نقل و حمل کم لاگت اور تیز ہو سکے۔

اس کے ساتھ ساتھ پالیسی کا تسلسل اور سیاسی استحکام بھی اہم ہے، کیونکہ عالمی سرمایہ کار صرف اسی ملک میں سرمایہ لگاتے ہیں جہاں قوانین بار بار تبدیل نہ ہوں اور کاروباری ماحول محفوظ ہو۔

حقیقت یہ ہے کہ مستقبل کی عالمی معیشت صرف فیکٹریوں سے نہیں، بلکہ ’تجارتی راہداریوں‘ سے بھی جڑی ہوئی ہے۔ جو ممالک دنیا کی تجارت کو اپنے ذریعے گزرنے کا راستہ فراہم کریں گے، وہی زیادہ معاشی فائدہ حاصل کریں گے۔

پاکستان اگر اپنی جغرافیائی اہمیت کو درست حکمت عملی کے ساتھ استعمال کرے تو وہ نہ صرف خطے کی تجارت میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے بلکہ اپنی معیشت کے لیے نئی آمدن اور روزگار کے مواقع بھی پیدا کر سکتا ہے۔

ادارے کا کالم نگار کی رائے کے ساتھ متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp