پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے 2 مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 7 اور 8 مئی 2026 کی درمیانی شب ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان اضلاع میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیے: لکی مروت اور جنوبی وزیرستان میں خوارج کے حملے، پولیس افسر اور صوبیدار شہی د
بیان کے مطابق ضلع ٹانک میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 4 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں کیا گیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں ایک خارجی کو ہلاک کردیا گیا۔
ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیے: آپریشن غضب للحق جاری: 796 دہشتگرد ہلاک، 44 چوکیوں پر قبضہ کرلیا گیا
بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں مزید ممکنہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان کے تحت ’عزم استحکام‘ وژن کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم کی سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع ٹانک اور ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں بھارتی حمایت یافتہ فتنتہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے آپریشنز کے دوران 5 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ‘عزم استحکام’ کے ویژن کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔














