پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کو شاندار کارکردگی پر مبارکباد پی کی ہے۔
ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں محسن نقوی نے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی شاندار کارکردگی پر اہم اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کھلاڑیوں کو تاریخی کامیابیوں پر مبارکباد دی۔
Just for record
– Pakistan move to No. 2 in ICC Women’s Championship 2025-29 points table
– Pakistan recorded their best Powerplay score in ODIs – 89-0
– Joint-most century partnerships by a Pakistan Women’s opening pair in ODIs – 3 (equalling Muneeba Ali and Sidra Amin)
— Mohsin Naqvi (@MohsinnaqviC42) May 10, 2026
محسن نقوی کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان ویمن ٹیم آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ 29-2025 کی پوائنٹس ٹیبل میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ ٹیم نے ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں پاور پلے کے دوران بغیر کسی نقصان کے 89 رنز بنا کر نئی بہترین کارکردگی بھی اپنے نام کی۔
پاکستان ویمن ٹیم کی اوپننگ جوڑی گل فیروزہ اور صدف شمس نے ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں تیسری مرتبہ سینچری شراکت قائم کرکے منیبہ علی اور سدرا امین کی جوڑی کا ریکارڈ برابر کردیا۔
دونوں کھلاڑیوں نے دو طرفہ ایک روزہ سیریز میں مجموعی طور پر 571 رنز بنا کر کسی بھی پاکستانی جوڑی کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
صدف شمس پاکستان کی پہلی خاتون بلے باز بن گئیں جنہوں نے ویمن ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں مسلسل پانچ نصف سینچریوں سے زیادہ اننگز کھیلیں۔
پاکستانی اوپنرز صدف شمس اور گل فیروزہ نے مسلسل تین مرتبہ 150 سے زیادہ رنز کی شراکت قائم کرکے نیا ریکارڈ بھی بنایا۔
گل فیروزہ نے 83 گیندوں پر سینچری اسکور کرکے پاکستان ویمن ٹیم کی جانب سے تیز ترین سینچری بنانے کا اپنا ہی ریکارڈ بہتر کر لیا۔
گل فیروزہ ویمن ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں مسلسل دو سینچریاں بنانے والی پاکستان کی دوسری بلے باز بھی بن گئیں۔
صدف شمس اور گل فیروزہ نے 220 رنز کی شراکت قائم کرکے پاکستان ویمن ٹیم کی تاریخ میں کسی بھی وکٹ کے لیے دوسری بڑی شراکت کا اعزاز حاصل کیا۔
پاکستان ویمن ٹیم نے 200 سے زیادہ ہدف کے کامیاب تعاقب میں 7.06 کی اوسط رفتار سے رنز بنا کر ویمن ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں نئی تاریخ رقم کردی۔
اپنے ایک اور بیان میں محسن نقوی نے کہاکہ پاکستان میں خواتین کرکٹ کا مستقبل انتہائی روشن ہے۔














