وزیر داخلہ محسن نقوی کی ڈھاکا میں اہم ملاقاتیں، پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق

پیر 11 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ڈھاکا میں اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کے دوران دونوں ممالک نے تجارت، کاروبار اور ثقافتی روابط کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے سرکاری دورۂ بنگلہ دیش کے دوران ڈھاکا میں بنگلہ دیش کی وزیر مملکت برائے خارجہ امور شمع عبید اسلام سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور پاکستان کے سفارتی کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستانی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط بڑھانے، ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے اور تجارتی و ثقافتی شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں فریقین نے اس امر پر زور دیا کہ اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے وفود کے تبادلوں میں اضافہ ضروری ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں اور دونوں ممالک باہمی تعاون سے اقتصادی شراکت داری کو مزید وسعت دے سکتے ہیں۔

بیان کے مطابق ملاقات میں بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ کے متوقع دورۂ پاکستان پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بنگلہ دیشی وزیر مملکت نے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے 28 فروری کو ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے فعال سفارتی کردار ادا کیا تھا، جبکہ اپریل میں واشنگٹن اور تہران کے درمیان براہِ راست مذاکرات کے پہلے دور کی میزبانی بھی کی تھی۔

ملاقات میں بنگلہ دیشی وزارت خارجہ کے سیکریٹری محمد نذرالاسلام، بنگلہ دیش میں پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر اور دونوں ممالک کے دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

یہ ملاقات ایک روز قبل ہونے والی پیش رفت کے بعد سامنے آئی، جس میں محسن نقوی نے بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ صلاح الدین احمد کے ساتھ انسدادِ منشیات تعاون کے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے تھے، جبکہ پاکستان نے بنگلہ دیش کو سیف سٹی منصوبے میں تعاون کی پیشکش بھی کی تھی۔

تجزیہ کاروں کے مطابق سابق بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کے بعد اسلام آباد اور ڈھاکا کے تعلقات میں بہتری کے آثار نمایاں ہو رہے ہیں، کیونکہ ان کے دورِ حکومت میں دونوں ممالک کے تعلقات سرد مہری کا شکار رہے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp