سکھر میں قومی شاہراہ پر جسکانی گوٹھ کے قریب ایک ہولناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جہاں تیز رفتار ٹریلر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار2 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ ان کے ساتھ موجود ایک خاتون اور بچی شدید زخمی ہوگئیں۔
اس واقعے نے اس وقت نیا موڑ اختیار کر لیا جب زخمی خاتون کے شوہر نثار بھارو نے ہلاک ہونے والے افراد پر اپنی بیوی اور بیٹی کے اغوا کا الزام عائد کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں خاتون کا اغوا اور اجتماعی زیادتی، ویڈیو بیان بھی آگیا
نثار بھارو کے مطابق ملزمان نے گزشتہ رات ان کے گھر پر حملہ کیا اور ان کی اہلیہ و بیٹی کو زبردستی اغوا کر کے لے گئے تھے۔ متاثرہ شخص کا کہنا ہے کہ اسے پولیس کے ذریعے اطلاع ملی کہ سڑک حادثے میں اس کی بیوی اور بچی زخمی ہوئی ہیں جبکہ مبینہ اغوا کار موقع پر ہی دم توڑ گئے ہیں۔
دوسری جانب پولیس اس معاملے کو ایک الگ پہلو سے دیکھ رہی ہے۔ پولیس حکام کے ابتدائی دعوے کے مطابق خاتون مبینہ طور پر اپنی مرضی سے گھر چھوڑ کر فرار ہورہی تھی کہ راستے میں حادثے کا شکار ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں خاتون ٹیچر زرینہ مری کے اغوا کی خبر جھوٹی نکلی، صوبائی وزرا
پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کردی ہیں تاکہ یہ واضح ہوسکے کہ یہ اغوا کی واردات تھی یا خاتون اپنی مرضی سے گھر سے نکلی تھی۔ فی الوقت زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور قانونی کارروائی جاری ہے۔














