پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر نے عام انتخابات کے لیے جماعتی ٹکٹوں سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ابھی تک کسی امیدوار کو پارٹی ٹکٹ جاری نہیں کیا گیا۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر کے عام انتخابات 2026 کے لیے انتخابی فہرستوں میں درستگی اور اعتراضات کی مدت میں اضافہ
پارٹی کے سیکریٹری جنرل چوہدری طارق فاروق کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بعض میڈیا چینلز اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر مختلف حلقوں کے لیے امیدواروں کے نام فائنل ہونے کی خبریں چلائی جا رہی ہیں، تاہم ان میں کوئی صداقت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کا پارلیمانی بورڈ تاحال کسی حتمی فیصلے یا اعلان پر نہیں پہنچا، اس لیے میڈیا میں سامنے آنے والی تمام قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں۔
چوہدری طارق فاروق نے بعض میڈیا نمائندگان کے طرزِ عمل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریٹنگ اور توجہ حاصل کرنے کی خاطر تجزیوں کو خبر کا رنگ دینا صحافتی اصولوں اور اخلاقی ذمہ داریوں کے خلاف ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ میڈیا ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ دے گا اور صرف مصدقہ معلومات عوام تک پہنچائے گا۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات: مسلم لیگ کا تنظیمی ڈھانچہ مضبوط بنانے پر زور
واضح رہے کہ گزشتہ روز نواز شریف کی تشکیل کردہ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام کی صدارت میں ہوا تھا، جس میں آزاد کشمیر کی لیگی قیادت نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق ٹکٹوں سے متعلق سفارشات نواز شریف کو ارسال کی جائیں گی، جس کے بعد حتمی اعلان متوقع ہے۔














