آئی جی سندھ کے بعد وزیر داخلہ کا بھی نوٹس، منشیات فروش ‘پنکی’ کی پیشی پر غفلت برتنے والے اہلکاروں کے گرد گھیرا تنگ

منگل 12 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 سندھ پولیس کی حراست میں موجود بدنام زمانہ منشیات فروش انمول عرف پنکی کی عدالت میں پیشی کے دوران سیکیورٹی ضابطوں (SOPs) کی سنگین خلاف ورزی کا معاملہ طول پکڑ گیا ہے۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) سندھ جاوید عالم اوڈھو کے بعد اب صوبائی وزیر داخلہ ضیاالحسن لنجار نے بھی واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: انمول عرف پنکی کیسے کراچی میں کروڑوں روپے مالیت کی منشیات کا دھندا چلاتی تھی؟

واقعے کی منظرِ عام پر آنے والی تفصیلات کے مطابق عدالت میں پیشی کے موقع پر ملزمہ انمول عرف پنکی کسی وی آئی پی شخصیت کی طرح سب سے آگے چلتی رہی، جبکہ کیس کا تفتیشی افسر اور دیگر اہلکار اس کے پیچھے پیچھے چل کر اسے راستہ بتاتے رہے۔ اس منظر نے پولیس کی پیشہ ورانہ کارکردگی اور سیکیورٹی پروٹوکول پر کئی سوالات کھڑے کردیے ہیں۔

وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار نے اس صورتحال پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ ایک خطرناک ملزمہ کو پولیس کی جانب سے پروٹوکول کیسے دیا گیا؟ انہوں نے واضح کیا کہ ایسا عمل کسی صورت قابلِ قبول نہیں اور ذمہ دار اہلکار اس سنگین غفلت پر اپنی وضاحت پیش کریں۔

یہ بھی پڑھیں: ’پتا نہیں کہاں سے اٹھ کر آ جاتے ہیں‘: منشیات اور اسلحہ کیس میں گرفتار ملزمہ پنکی کی مبینہ آڈیو وائرل

وزیر داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ پروٹوکول دینے والے افسران اور اہلکاروں کے خلاف فوری قانونی و محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے اور غفلت برتنے والوں کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔

ضیا الحسن لنجار کا مزید کہنا تھا کہ قانون کی نظر میں سب برابر ہیں اور ہر شخص کے ساتھ قانون کے مطابق ہی سلوک کیا جانا چاہیے، کسی ملزم کو خصوصی رعایت دینا محکمے کے وقار کے منافی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی کی بغیر ہتھکڑی عدالت میں پیشی، آئی جی سندھ کا قواعد کی خلاف ورزی پر نوٹس

 یاد رہے کہ اس سے قبل آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اہلکاروں کے خلاف انکوائری کے احکامات جاری کر چکے ہیں، جس کے بعد اب وزیر داخلہ کے براہِ راست مداخلت نے ذمہ دار اہلکاروں کے گرد گھیرا مزید تنگ کر دیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp