وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان نیول اکیڈمی پی این ایس رہبر کراچی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی قربانیاں اور عوام کی حمایت ملک کی طاقت ہیں، جبکہ پاکستان عالمی برادری میں امن کے داعی کے طور پر اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا دورہءِ کراچی
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف آج ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے. گورنر سندھ نہال ہاشمی وزیرِ اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیرِ اعظم کا پی این ایس قاسم پہنچنے پر استقبال کیا.
وزیرِ اعظم پاکستان نیول اکیڈمی، پی این ایس رہبر، کراچی میں… pic.twitter.com/ADm1Fi8LOn
— Government of Pakistan (@GovtofPakistan) June 27, 2026
وزیراعظم نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابیاں قوم کے لیے باعث فخر ہیں اور وہ پاکستان کی خدمت کے عظیم سفر میں اہم کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں امن، تعاون اور علاقائی استحکام کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔ پاکستان ایک ذمہ دار ملک کے طور پر عالمی سطح پر اپنا مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:معرکہ حق کے دوران پاکستان نیوی بھارتی جہاز کو نشانہ بنانے کے لیے تیار تھی، سربراہ پاک بحریہ
وزیراعظم نے پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ تربیت اور صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نیول اکیڈمی ملک کے لیے بہترین افسران تیار کر رہی ہے جو دفاع اور سلامتی کے شعبے میں خدمات انجام دیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاک بحریہ قومی دفاع کے ساتھ خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ مذاکرات، سفارت کاری اور پرامن حل کو ترجیح دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو پیچیدہ علاقائی اور عالمی سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے، تاہم ملک اپنی دفاعی صلاحیتوں، جدید ٹیکنالوجی اور مضبوط اداروں کے ذریعے ان کا مقابلہ کر رہا ہے۔
وزیراعظم کے مطابق پاک بحریہ اہم بحری راستوں، توانائی کی ترسیل اور سمندری سلامتی کے تحفظ میں بھی کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ مصنوعی ذہانت، جدید نظام اور بغیر پائلٹ آلات سمیت نئی ٹیکنالوجی کو اپناتے ہوئے مستقبل کے بحری چیلنجز کے لیے تیار ہو رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سمندری راستے میں ممکنہ رکاوٹیں، پاکستان نیوی نے آپریشن محافظ البحر شروع کردیا
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان تمام حل طلب معاملات کے لیے امن، مذاکرات اور سفارت کاری کے راستے پر یقین رکھتا ہے، جبکہ کشمیری عوام کے جائز حق کی حمایت جاری رکھے گا۔
کیڈٹس کو نصیحت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مشکل حالات ہی قیادت، کردار اور فرض شناسی کا اصل امتحان ہوتے ہیں۔ حالات جیسے بھی ہوں، پاکستان کی خدمت سے بڑھ کر کوئی اعزاز نہیں۔

اس سے قبل تقریب میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس میں اعزازات اور میڈلز تقسیم کیے گئے۔ بہترین کارکردگی پر آفیسر کیڈٹ حافظ محمد احمد منور کو چیف آف ڈیفنس فورسز گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔
تقریب میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، پاک بحریہ کے اعلیٰ حکام، سیاسی و عسکری شخصیات اور کیڈٹس کے اہلخانہ شریک ہوئے۔














