انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ جاوید عالم اوڈھو نے بدنام زمانہ منشیات فروش انمول عرف پنکی کی عدالت میں پیشی کے دوران ضابطہ کار اور قواعد کی سنگین خلاف ورزی کے واقعے کا سخت نوٹس لے لیا ہے۔
آئی جی سندھ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو واقعے کی فوری اور مفصل ابتدائی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے تاکہ غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کیا جاسکے۔
یہ بھی پڑھیں: انمول عرف پنکی کیسے کراچی میں کروڑوں روپے مالیت کے منشیات کا دھندا چلاتی تھی؟
دفترِ سندھ پولیس تعلقاتِ عامہ کے مطابق اس واقعے میں ملوث متعلقہ تفتیشی افسر اور دیگر عملے کو فرائض میں کوتاہی برتنے پر فوری طور پر معطل کرنے اور انہیں گارڈن ہیڈ کوارٹر ساؤتھ رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔
آئی جی سندھ نے واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کے لیے ایک سینئر افسر کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی قائم کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔
پولیس ترجمان سید سعد علی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ قانون کی گرفت سے بچنے والی ملزمہ کی عدالت میں پیشی جیسے حساس معاملے پر کسی بھی قسم کی لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: تعلیمی اداوں میں منشیات کی روک تھام کے لیے پولیس کا کریک ڈاؤن
اس اقدام کا مقصد پولیس کے اندر احتسابی عمل کو مضبوط بنانا اور یہ یقینی بنانا ہے کہ ہائی پروفائل ملزمان کی منتقلی اور پیشی کے دوران سیکیورٹی کے تمام طے شدہ قواعد پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔
دوسری جانب گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کو ہتھکڑی لگائے بغیر عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت نے ملزمہ کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
کراچی پولیس چیف آزاد خان نے ملزمہ کو بغیر ہتھکڑی عدالت میں پیش کرنے کا نوٹس لے لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد پولیس کی جرائم پیشہ اور غیر قانونی مقیم افراد کے خلاف کارروائی، افغان شہروں سمیت سینکڑوں منشیات فروش گرفتار
ترجمان پولیس کے مطابق ملزمہ کو بغیر ہتھکڑی عدالت میں پیش کرنے والے افسران کے کردار کے تعین کے لیے انکوائری کی ہدایت جاری کردی گئی ہے، قانون اور ایس او پیز کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
کراچی پولیس کے تمام افسران و اہلکار قواعد و ضوابط کے پابند ہیں، بغیر ہتھکڑی ملزمہ کی پیشی پر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا امکان ہے۔
ملزمہ نہ صرف منشیات فروشی کے ایک منظم نیٹ ورک کی سربراہی کررہی تھی بلکہ وہ درجنوں مقدمات میں بھی مطلوب تھی۔














