پاکستان میں پہلی بار مالیاتی خسارہ ایک فیصد سے بھی کم، معیشت میں نمایاں بہتری، سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال

منگل 12 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کی مالیاتی صورتحال میں نمایاں ساختی تبدیلی سامنے آئی ہے، جس کے مطابق ملک کی تاریخ میں پہلی بار مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کے ایک فیصد سے بھی کم ہو کر 0.7 فیصد تک آ گیا ہے، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں یہ 2.6 فیصد تھا۔

رپورٹ کے مطابق یہ کمی سخت مالیاتی نظم و ضبط اور بہتر معاشی حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔

بجٹ سرپلس اور مالی نظم و ضبط

اعداد و شمار کے مطابق پرائمری سرپلس بڑھ کر 3.2 فیصد جی ڈی پی تک پہنچ گیا ہے، جو گزشتہ سال اسی عرصے میں 3.0 فیصد تھا۔ اسے مالیاتی نظم و ضبط اور بہتر حکومتی پالیسیوں کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

ریونیو میں بہتری اور اصلاحات

گزشتہ 2 برسوں کے دوران ٹیکس ٹو جی ڈی پی اور مجموعی ریونیو ٹو جی ڈی پی میں مسلسل بہتری دیکھی گئی ہے۔ ٹیکس آمدن میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جسے اصلاحات، ڈیجیٹلائزیشن اور بہتر ٹیکس وصولی کے نظام کا نتیجہ قرار دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق عالمی مہنگائی اور قرضوں کے بوجھ کے باوجود مجموعی اخراجات کو قابو میں رکھا گیا ہے۔ جاری اخراجات مستحکم رہے جبکہ ترقیاتی اخراجات کو بھی برقرار رکھا گیا تاکہ طویل المدتی ترقی کو سہارا دیا جا سکے۔

قرضوں کی صورتحال میں بہتری

مسلسل پرائمری سرپلس کے باعث قرضوں کے اشاریے بہتر ہو رہے ہیں، جبکہ ری فنانسنگ کے خطرات میں کمی اور قرضوں کی ادائیگی کے شیڈول میں بہتری دیکھی جا رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کی معیشت میں پہلی بار بیک وقت مالیاتی اور جاری کھاتوں کے خسارے میں بہتری آئی ہے۔

سرمایہ کاری اور عالمی اعتماد

بہتر معاشی اشاریوں کے باعث سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھ رہا ہے۔ پاکستان دوبارہ بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں تک رسائی حاصل کر چکا ہے، جبکہ صنعتی پیداوار، کارپوریٹ منافع اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی بہتری دیکھی جا رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان مالی استحکام اور پائیدار ترقی کی سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ مالیاتی نظم و ضبط، بہتر ریونیو، کنٹرول شدہ اخراجات اور مضبوط بیرونی کھاتہ معیشت کے بنیادی ڈھانچے کو مستحکم بنا رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن، ہم لوگ متحد ہوکر بہتر پاکستان بنا سکتے ہیں، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ

پاکستان کی معیشت میں تاریخی چیلنج ہمیشہ دوہرا خسارہ رہا ہے، تاہم موجودہ اعداد و شمار کے مطابق دونوں میں بیک وقت بہتری آ رہی ہے، جس سے معاشی استحکام اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp