میٹا نے یورپی یونین کے عدمِ مسابقت قوانین سے متعلق خدشات کم کرنے کے لیے اپنے سوشل میسجنگ پلیٹ فارم وٹس ایپ پر حریف اے آئی چیٹ بوٹس کو ایک ماہ کے لیے مفت رسائی دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
مزید پڑھیں:وٹس ایپ نے ایموجی ری ایکشنز انٹر فیس میں دلچسپ تبدیلیاں کردیں
یہ پیشرفت اس وقت سامنے آئی جب یورپی کمیشن نے گزشتہ ماہ عندیہ دیا تھا کہ میٹا کی پالیسی مسابقتی قوانین سے متصادم ہو سکتی ہے اور کمپنی کو حریف اے آئی سروسز کو واٹس ایپ تک رسائی دینا ہوگی۔
رپورٹس کے مطابق میٹا نے رواں سال جنوری میں ایسی پالیسی متعارف کرائی تھی جس کے تحت صرف اس کا اپنا Meta AI اسسٹنٹ واٹس ایپ پر دستیاب تھا، تاہم مارچ میں کمپنی نے پالیسی تبدیل کرتے ہوئے حریف چیٹ بوٹس کو فیس کے عوض رسائی دینے کی اجازت دی، جس پر یورپی ریگولیٹرز نے دوبارہ اعتراض اٹھایا۔

میٹا کے ترجمان کے مطابق یورپی اقتصادی علاقے میں کام کرنے والے عمومی نوعیت کے اے آئی چیٹ بوٹس کو ایک ماہ کے لیے واٹس ایپ بزنس اے پی آئی تک مفت رسائی دی جائے گی تاکہ یورپی کمیشن اور کمپنی تحقیقات کے معاملے پر جلد اور منصفانہ حل تک پہنچ سکیں۔
یورپی کمیشن نے اس اقدام کو مثبت پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے معاملے کے حل کے لیے بات چیت کا مناسب ماحول پیدا ہوگا، تاہم یہ عمل میٹا کے سنجیدہ تعاون سے مشروط ہے۔
مزید پڑھیں: وٹس ایپ وائس میسج ٹرانسکرپٹ فیچر لانچ، پاکستانی صارفین کو کیا فائدہ ہوگا؟
اگر میٹا یورپی یونین کے خدشات دور کرنے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو کمپنی ممکنہ طور پر سالانہ عالمی آمدنی کے 10 فیصد تک جرمانے سے بچ سکتی ہے۔
یہ مقدمہ امریکی کمپنی ’دی انٹرکشن‘ اور ایک ہسپانوی حریف کی شکایت کے بعد شروع ہوا تھا۔














