2025-26 کی تیسری سہ ماہی میں معیشت کی شرح نمو 3.99 فیصد ریکارڈ

بدھ 13 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 مالی سال 26-2025 کی تیسری سہ ماہی میں پاکستان کی معیشت میں سالانہ بنیاد پر 3.99 فیصد نمو ریکارڈ کی گئی۔

 قومی اکاؤنٹس کمیٹی کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق صنعتی شعبہ اقتصادی ترقی کا اہم محرک بن کر سامنے آیا

پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کی مرتب کردہ رپورٹ کے مطابق مالی سال 26-2025 کی پہلی اور دوسری سہ ماہی کی مجموعی قومی پیداوار کی شرح نمو پر بھی نظرثانی کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں پہلی بار مالیاتی خسارہ ایک فیصد سے بھی کم، معیشت میں نمایاں بہتری، سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال

اب انہیں بالترتیب 3.92 فیصد اور 4.05 فیصد کر دیا گیا، جبکہ 116 ویں نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی اجلاس میں یہ شرحیں 3.63 فیصد اور 3.89 فیصد تخمینہ لگائی گئی تھیں۔

رپورٹ کے مطابق مالی سال 24-2023 اور 25-2024 کی حتمی اور نظرثانی شدہ شرح نمو بالترتیب 2.62 فیصد اور 3.18 فیصد رہی۔

تیسری سہ ماہی کے دوران زرعی شعبے میں 3.01 فیصد، صنعتی شعبے میں 4.65 فیصد اور خدمات کے شعبے میں 4.18 فیصد نمو ریکارڈ کی گئی۔

مزید پڑھیں:  وفاقی حکومت نے گوادر بندرگاہ پر عالمی ٹریفک بڑھانے کے لیے ٹیرف میں کمی کردی

زرعی شعبے کے تمام ذیلی شعبوں میں مثبت کارکردگی دیکھی گئی، جن میں اہم فصلیں 1.10 فیصد، دیگر فصلیں 2.27 فیصد، لائیو اسٹاک 3.70 فیصد، جنگلات 1.62 فیصد اور ماہی گیری 1.37 فیصد اضافے کے ساتھ شامل ہیں۔

اگرچہ کان کنی و معدنیات کے شعبے میں 2.55 فیصد اور بجلی، گیس و پانی کی فراہمی کے شعبے میں 13.53 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، تاہم بڑے پیمانے کی صنعتوں میں 9.53 فیصد اضافے کے باعث صنعتی شعبے کی مجموعی نمو 4.65 فیصد رہی۔

تعمیراتی شعبے میں صرف 0.48 فیصد معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کی ایک وجہ گزشتہ سال اسی مدت میں 14.27 فیصد بلند شرح نمو بھی قرار دی جا رہی ہے۔

مزید پڑھیں: آبنائے ہرمز بحران: پاکستان کا روس سے تیل کی درآمدات بڑھانے کا فیصلہ

خدمات کے شعبے میں مجموعی طور پر 4.18 فیصد نمو دیکھی گئی، جس میں تھوک و پرچون تجارت 4.13 فیصد، ٹرانسپورٹ و اسٹوریج 2.02 فیصد، انفارمیشن و کمیونیکیشن 9.78 فیصد، فنانس و انشورنس 2.90 فیصد، پبلک ایڈمنسٹریشن و سوشل سکیورٹی 8.88 فیصد، تعلیم 4.14 فیصد، صحت و سماجی خدمات 4.07 فیصد اور دیگر نجی خدمات 3.35 فیصد اضافے کے ساتھ شامل ہیں۔

قومی اکاؤنٹس کمیٹی نے جاری مالی سال 26-2025 کے لیے عبوری جی ڈی پی شرح نمو 3.70 فیصد کی بھی منظوری دی، جبکہ زراعت، صنعت اور خدمات کے شعبوں کی عبوری شرح نمو بالترتیب 2.89 فیصد، 3.51 فیصد اور 4.09 فیصد رہی۔

 مزید پڑھیں: غیر ملکی سرمایہ کاری کا نیا امکان، کلور پاکستان کے 23 فیصد شیئرز کی فروخت متوقع

ادھر تازہ قومی اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 26-2025 میں پاکستان کی معیشت کا مجموعی حجم 126.9 کھرب روپے یعنی 452.1 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔

جبکہ گزشتہ مالی سال میں یہ حجم 114 کھرب روپے یعنی 408.2 ارب ڈالر تھا۔

مزید برآں، 2023 کی مردم شماری کی آبادیاتی بنیاد پر فی کس آمدن 5 لاکھ 33 ہزار 629 روپے یعنی تقریباً 1901 ڈالر ریکارڈ کی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp