پاکستان کیخلاف وہ عناصر مہم چلا رہے ہیں جنہیں قیام امن میں ہمارا کردارتسلیم نہیں، وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ

جمعرات 14 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بیرون ملک سے پاکستان کے خلاف ایک منظم اور مربوط منفی معلوماتی مہم چلائی جا رہی ہے جس کا مقصد جھوٹے بیانیے اور غلط معلومات کے ذریعے پاکستان کے کردار کو نقصان پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہم ان عناصر کی مایوسی کو ظاہر کرتی ہے جو خطے میں امن کے فروغ کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں۔ یہ بات انہوں نے ٹوئٹ کے ذریعے کہی۔

یہ  بھی پڑھیں:پہلگام واقعہ فالس فلیگ آپریشن تھا، بھارت تحقیقات سے بھاگ گیا: عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ گزشتہ چند روز سے بیرون ملک سے پاکستان کے خلاف ایک منظم منفی معلوماتی مہم دیکھی جا رہی ہے، جس کا مقصد دانستہ طور پر غلط فہمی اور گمراہ کن معلومات پھیلانا ہے۔ ان کے مطابق اس مہم میں نامعلوم ذرائع اور غیر مصدقہ عہدیداروں کے حوالے دے کر پاکستان کے علاقائی امن میں کردار کو متنازع بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ غیر پیشہ ورانہ اور بدنیتی پر مبنی کوشش پاکستان کے خطے میں پائیدار امن کے کردار کو بدنام کرنے کی ناکام کوشش ہے، جو ان عناصر کی مایوسی کو ظاہر کرتی ہے جو امن کے مخالف ہیں۔

عطا اللہ تارڑ کے مطابق قابل اعتماد ملکی میڈیا اور مختلف فیکٹ چیک فورمز پہلے ہی اس پروپیگنڈا مہم کو بے نقاب کر چکے ہیں اور اس میں کیے گئے دعوؤں کو غلط ثابت کیا جا چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان افواہوں کے پیچھے ایسے عناصر کارفرما ہیں جو پاکستان کے امن کے کردار اور دہشتگردی کے خلاف کامیاب اقدامات کو تسلیم نہیں کر پا رہے۔ ان کے مطابق پاکستان نے ہمیشہ غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے خلاف مؤثر کردار ادا کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عطا تارڑ کا بڑا ایکشن: واجبات کی ادائیگی تک نجی ٹی وی کے اشتہارات بند کا اعلان

وفاقی وزیر نے کہا کہ امن، تنازعات کے حل اور خطے میں استحکام بعض عناصر کو قبول نہیں، اسی لیے وہ اس طرح کی منفی مہمات کے ذریعے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور اس کا ذمہ دار میڈیا اس طرح کی تمام منظم مہمات کو بے نقاب کرتا رہے گا، جبکہ پاکستانی میڈیا اور انفلوئنسرز کی اس حوالے سے کوششیں قابل ستائش ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp