اداکارہ بختاور مظہر اس وقت ڈرامہ سیریل ڈاکٹر بہو میں سنیہ کی پھوپھو کا کردار ادا کر رہی ہیں، جہاں وہ ایک کینسر کے مریضہ کے سفر کو نہایت حقیقت پسندانہ انداز میں پیش کر رہی ہیں۔
تھیٹر سے تعلق رکھنے والی بختاور مظہر نے اپنی شاندار اسکرین پرفارمنس سے پہلے بھی ڈرامہ پرورش میں ناظرین کے دل جیتے تھے اور اب وہ ’ڈاکٹر بہو‘ میں بھی اپنی اداکاری سے خوب پذیرائی حاصل کر رہی ہیں۔
مزید پڑھیں:اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو پروسٹیٹ کینسر میں مبتلا، سرجری کا انکشاف
اداکارہ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنے کردار میں مکمل حقیقت لانے کے لیے خاص طور پر بالڈ کیپ کا استعمال کیا اور ایسے مناظر فلمائے جن میں کینسر کے مریضوں کی جدوجہد کو بھرپور انداز میں دکھایا گیا۔
بختاور مظہر کے مطابق یہ کردار ان کے لیے ذاتی طور پر بھی انتہائی جذباتی ہے کیونکہ انہوں نے اپنے قریبی خاندان کے 4 افراد کو کینسر کے باعث کھو دیا ہے جبکہ ان کے 2 کم عمر کزنز بھی اس بیماری سے لڑ رہے ہیں، اسی وجہ سے وہ اس کردار میں مکمل سچائی دکھانا چاہتی تھیں۔
مزید پڑھیں:وٹامن بی ٹو کینسر کے خلیات کو زندہ رکھنے میں مدد دے سکتا ہے، نئی تحقیق
انہوں نے مصنف اور ہدایتکار کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس حساس موضوع کی باریکیوں کو سمجھتے ہوئے بہترین انداز میں اسے پیش کیا۔
سوشل میڈیا پر ناظرین نے ان کی اداکاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کردار کینسر کے مریضوں کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث ہے اور ان کی پرفارمنس ڈرامے میں ایک تازہ ہوا کا جھونکا ہے۔














