پاکستان کرکٹ بورڈ کی قومی سلیکشن کمیٹی نے آسٹریلیا کے خلاف 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے لیے 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ شاہین شاہ آفریدی بدستور ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ بابر اعظم، شاداب خان، نسیم شاہ اور سفیان مقیم کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ سیریز 30 مئی سے راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی قومی مردوں کی سلیکشن کمیٹی نے آسٹریلیا کے خلاف 3 میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کیلئے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز 30 مئی سے 4 جون تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔
اسکواڈ میں شامل احمد دانیال، عرفات منہاس اور روحیل نذیر ایسے کھلاڑی ہیں جنہیں ابھی تک پاکستان کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں نمائندگی کا موقع نہیں ملا۔
16-member squad announced for Australia ODI series
Details here ➡️ https://t.co/PzWmt6UzrU#PAKvAUS pic.twitter.com/vIDH1Ry5jt
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) May 22, 2026
بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ٹیم کی قیادت جاری رکھیں گے، جبکہ بابر اعظم، نسیم شاہ، شاداب خان اور صوفیان مقیم کو بنگلہ دیش کے خلاف مارچ میں کھیلی گئی بیرونِ ملک ون ڈے سیریز کے بعد دوبارہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
عثمان خان کو بیماری کے باعث زیر غور نہ لائے جانے کے بعد محمد غازی غوری اور روحیل نذیر کو وکٹ کیپر بیٹرز کے طور پر اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
فخر زمان اور صائم ایوب بھی انجری کے باعث ٹیم کا حصہ نہیں بن سکے۔ دونوں کھلاڑیوں کے علاج کا عمل پاکستان کرکٹ بورڈ کے میڈیکل پینل کی نگرانی میں جاری رہے گا۔
یہ بھی پڑھیے فخر زمان اور صائم ایوب آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر
16 رکنی قومی اسکواڈ آج رات اسلام آباد میں رپورٹ کرے گا، جبکہ ٹیم 23 مئی سے کوچنگ اسٹاف کی نگرانی میں تربیتی کیمپ کا آغاز کرے گی۔ کیمپ سے متعلق میڈیا ایڈوائزری بعد میں جاری کی جائے گی۔
آسٹریلوی ٹیم 23 مئی کو اسلام آباد پہنچے گی اور راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹریننگ سیشنز میں حصہ لے گی، جن کی تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
پاکستانی اسکواڈ
شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، سلمان علی آغا (نائب کپتان)، عبدالصمد، ابرار احمد، احمد دانیال، عرفات منہاس، بابر اعظم، حارث رؤف، معاذ صداقت، محمد غازی غوری (وکٹ کیپر)، نسیم شاہ، روحیل نذیر (وکٹ کیپر)، صاحبزادہ فرحان، شاداب خان، شمیل حسین اور سفیان مقیم۔
ٹیم مینجمنٹ
نوید اکرم چیمہ (منیجر)، مائیک ہیسن (ہیڈ کوچ)، ایشلے نافکے (بولنگ کوچ)، حنیف ملک (بیٹنگ کوچ)، شین میک ڈرموٹ (فیلڈنگ کوچ)، افتخار (فزیوتھراپسٹ)، گرانٹ لوڈن (اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ)، طلحہ اعجاز (اینالسٹ)، سید نعیم احمد (میڈیا منیجر)، کرنل عثمان انوری (سیکیورٹی منیجر)، ڈاکٹر واجد علی رفائی (ٹیم ڈاکٹر) اور محمد احسان (مساجر)۔
سیریز کا شیڈول
23 مئی: آسٹریلوی ٹیم اسلام آباد پہنچے گی
30 مئی: پہلا ون ڈے، راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم
2 جون: دوسرا ون ڈے، قذافی اسٹیڈیم لاہور
4 جون: تیسرا ون ڈے، قذافی اسٹیڈیم لاہور
تمام میچز مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے 4 بجے شروع ہوں گے۔













