اسماعیلی برادری کے روحانی پیشوا کا شمالی علاقہ جات کا دورہ، خراب موسم سے شیڈول متاثر

جمعہ 22 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسماعیلی فرقے کے روحانی پیشوا پرنس شاہ رحیم الحسینی پاکستان کے دورے کے دوران حکومتی عہدیداروں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں، لیکن موسم کی خرابی کی وجہ سے ابھی تک گلگت اور چترال کا شیڈول متاثر ہوا ہے۔

اسماعیلی کونسل برائے پاکستان نے اس حوالے سے جماعت کے لیے ایک اعلامیہ بھی جاری کیا ہے، جس میں شیڈول کے متاثر ہونے کے بارے میں بتایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیرِ اعظم شہباز شریف اور پرنس رحیم آغا خان کی ملاقات، آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کو وسعت دینے پر زور

اسماعیلی کونسل کے مطابق پرنس رحیم کا 21 مئی سے گلگت کا دورہ شیڈول تھا، لیکن موسم کی خرابی کے باعث متاثر ہوا ہے۔

کونسل کے مطابق موسم کی خرابی کے باعث پرنس رحیم ابھی تک گلگت کے لیے روانہ نہیں ہو سکے اور وہ بدستور اسلام آباد میں ہی موجود ہیں۔

‘ موسم کی خرابی کے باعث گاہکوچ میں کل کا دیدار ملتوی، نیا شیڈول جلد جاری ہوگا۔’

اعلامیے کے مطابق ناموافق موسم اور شاہ رحیم الحسینی کی اسلام آباد سے گلگت بلتستان روانگی میں تاخیر کے باعث دیدار کا شیڈول متاثر ہوا ہے۔

کونسل کے مطابق، 22 مئی کو گاہکوچ میں ہونے والا دیدار یا ملاقات فی الحال ملتوی کر دیا گیا ہے، جسے اب کسی اگلی تاریخ پر ری شیڈول کیا جائے گا۔

چترال اور گلگت بلتستان میں عام تعطیلات کا اعلان

ضلعی انتظامیہ اپر چترال نے شاہ رحیم الحسینی کے دورۂ چترال کے موقع پر 23 اور 25 مئی کو عام تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پرنس رحیم کا 23 اور 24 مئی کو اپر چترال کا دورہ شیڈول ہے، جہاں وہ اپنے مریدوں سے ملاقات کریں گے۔

جس کے پیش نظر ضلع میں چھٹیاں ہوں گی، گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں بھی عام تعطیلات ہوں گی۔

آغا خان کا دورۂ پاکستان

پرنس رحیم 6 روزہ سرکاری دورے پر 20 مئی کی شام اسلام آباد پہنچے تھے، صدر پاکستان آصف علی زرداری اور دیگر اعلیٰ حکام نے نور خان بیس پر ان کا استقبال کیا، جہاں سے وہ ایوانِ صدر پہنچے، جہاں بلاول بھٹو نے ان کا استقبال کیا اور گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

پرنس رحیم اور صدر پاکستان کی ملاقات بھی ہوئی، جبکہ اسی شام صدر نے ان کے اعزاز میں عشائیہ دیا، جس میں وزیراعظم، آرمی چیف، کابینہ اراکین اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف اور پرنس رحیم کی بھی ملاقات ہوئی اور وزیراعظم کی جانب سے مہمان کے اعزاز میں ناشتے کا اہتمام بھی کیا۔

اسماعیلی کونسل کے مطابق پرنس رحیم 26 مئی تک پاکستان میں ہوں گے، اس دوران گلگت بلتستان اور چترال میں جماعت سے ملاقاتیں ہوں گی۔

مزید پڑھیں: صدر آصف علی زرداری کی پرنس رحیم الحسینی سے ملاقات، پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر اظہار تعزیت

آغا خان کی آمد کے بعد گلگت بلتستان اور چترال میں جشن کا سماں ہے، جگہ جگہ کیمپ لگا کر مٹھائیاں تقسیم کی جا رہی ہیں۔

مسافروں کو کھانا فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ علاقے میں جگہ جگہ خیرمقدمی پوسٹرز اور بینرز آویزاں کیے گئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp