اسٹاک ایکسچینج میں جمعہ کے روز بھی خریداری کا رجحان برقرار رہا، جہاں ٹریڈنگ کے ابتدائی لمحات میں انڈیکس میں 500 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
صبح 9:35 بجے کے قریب، بینچ مارک 100 انڈیکس 169,047.83 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا تھا، جو 533.39 پوائنٹس یعنی 0.32 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔
مارکیٹ میں نمایاں خریداری کمرشل بینکوں، فرٹیلائزر، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیوں اور پاور جنریشن کے شعبوں میں دیکھی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی معیشت میں بہتری: اسٹاک مارکیٹ اور سونے چاندی میں سرمایہ کاری کب کی جائے؟
بڑے حصص میں حبکو، ماری پیٹرولیم، پاکستان آئل فیلڈز، بینک آف خیبر، مسلم کمرشل بینک اور جے ایس بینک سمیت کئی اسٹاک سبز زون میں ٹریڈ کرتے رہے۔
گزشتہ روز یعنی جمعرات کو بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھی گئی تھی، جہاں سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری، امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات سے متعلق امیدوں اور عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث بھرپور خریداری ہوئی۔
اس روز کے ایس ای 100 انڈیکس 3,683.02 پوائنٹس یعنی 2.23 فیصد اضافے کے بعد 168,514.45 پوائنٹس پر بند ہوا۔
Market is up at midday 🔼
⏳ KSE 100 is positive by +131.09 points (+0.08%) at midday trading. Index is at 168,645.54 and volume so far is 86.81 million shares (12:00 PM) pic.twitter.com/37UIh91Zo5— Investify Pakistan (@investifypk) May 22, 2026
عالمی سطح پر جمعہ کے روز ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں بھی اضافہ دیکھا گیا، جبکہ امریکی ڈالر 6 ہفتے کی بلند ترین سطح کے قریب رہا۔
تیل کی قیمتیں اتار چڑھاؤ کا شکار رہیں کیونکہ سرمایہ کار امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ پیش رفت کی امید لگائے بیٹھے ہیں، اگرچہ دونوں فریقین اہم معاملات پر اب بھی اختلاف رکھتے ہیں۔
سرمایہ کاروں کے لیے سب سے بڑا خدشہ آبنائے ہرمز کی ممکنہ بندش ہے، جو عالمی توانائی رسد کے لیے انتہائی اہم سمجھی جاتی ہے۔
مزید پڑھیں: اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال، کاروبار کے آغاز پر تیزی
اس خدشے کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور مہنگائی کے دباؤ کے نتیجے میں عالمی شرح سود کے منظرنامے پر بھی اثر پڑا۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں جاری تقریباً 3 ماہ پرانی جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات میں کچھ مثبت اشارے ملے ہیں۔

تاہم ایران کے یورینیم ذخائر اور آبی گزرگاہ پر کنٹرول جیسے معاملات پر اختلافات برقرار ہیں۔
اسٹاک مارکیٹس میں ایم ایس سی آئی کا ایشیا پیسفک انڈیکس 0.3 فیصد بڑھا اور ہفتہ وار معمولی اضافہ کی طرف بڑھ رہا ہے۔ جاپان کا نکی انڈیکس 2 فیصد اوپر گیا۔
امریکہ میں اسٹاک فیوچرز 0.2 فیصد جبکہ یورپی فیوچرز 0.8 فیصد اضافہ ظاہر کر رہے ہیں۔













