وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقعے پر تمام انتظامات ہر صورت مثالی ہونے چاہییں اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: دفتر چھوڑیں اور فیلڈ میں آئیں، وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کا عید الاضحیٰ پر افسران کو فرنٹ لائن پر رہنے کا سخت حکم
مریم نواز شریف نے یہ ہدایات عیدالاضحیٰ کے انتظامات، سیکیورٹی اور صفائی سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں جاری کیں۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ہونے والے اس اجلاس میں صوبے بھر کے ڈپٹی کمشنرز (ڈی سیز) اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز (ڈی پی اوز) کو واضح ٹاسکس سونپے گئے۔
وزیراعلیٰ نے اجلاس میں ہدایت کی کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر انتظامات ہر صورت مثالی ہونے چاہییں اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
قربانی کے جانوروں کی آلائشیں پھینکنے پر بھاری جرمانہ
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جانوروں کی آلائشیں، باقیات اور دیگر فضلہ گلیوں، محلوں، نالیوں اور نہروں میں پھینکنے پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
اسی طرح جانوروں کی خرید و فروخت صرف مقررہ کیٹل مارکیٹوں تک محدود رکھنے اور غیر مجاز مقامات پر مویشیوں کی تجارت کے خلاف کارروائی کی ہدایت بھی دی گئی۔
مزید پڑھیے: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ثقافتی تنوع برائے مکالمہ و ترقی کے عالمی دن پر خصوصی پیغام
کیٹل مارکیٹوں اور بازاروں کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور ویجیلنس آپریشنز کا بھی حکم دیا گیا جبکہ مویشی چوری اور ڈکیتی جیسے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت سیکیورٹی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں مزید کہا گیا کہ ممنوعہ جماعتوں کو کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ کھالیں جمع کرنے والے کیمپس میں لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر پابندی ہوگی۔ اسی طرح مساجد اور اجتماعات میں لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کو بھی قواعد کے مطابق محدود رکھنے کی ہدایت دی گئی۔
وزیراعلیٰ نے حساس مقامات پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات اور مسلسل کومبنگ آپریشنز کرنے کا حکم دیا جبکہ اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پر مکمل پابندی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
عیدگاہوں، مساجد میں عرق گلاب کے چھڑکاؤ کی ہدایت
اجلاس میں عید گاہوں اور مساجد کو عرق گلاب سے معطر کرنے، ریلوے کالونیوں، کنٹونمنٹ ایریاز اور ہاؤسنگ سوسائٹیز میں صفائی کے خصوصی انتظامات کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔
مزید پڑھیں: ورلڈ اربن فورم: مریم نواز نے پنجاب پویلین کا افتتاح کردیا، ’اپنی چھت اپنا گھر‘ پروگرام پر شرکا کو بریفنگ
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صفائی کے بہترین انتظامات کرنے والے علاقوں کے لیے انعامات کا اعلان بھی کیا۔
مزید برآں بس اڈوں پر کرایہ نامے آویزاں کرنے، واسا کو عید کے ایام میں پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے، ایئرپورٹ کے قریب ڈمپنگ سائٹس ڈھانپنے اور پارکوں میں جھولوں کی سیکیورٹی چیک کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
’سائبر پیٹرولنگ‘ بڑھانے کا بھی حکم
اجلاس میں صوبے بھر میں عارضی جھولوں پر پابندی عائد کرنے اور سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کے سدباب کے لیے سائبر پیٹرولنگ بڑھانے کا حکم بھی دیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے ڈی سیز اور پولیس افسران کو ہدایت کی کہ تمام احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے بصورت دیگر ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیے: شہر صرف سڑکوں اور عمارتوں کا نام نہیں، یہ انسانوں کی ترقی سے جڑے ہوتے ہیں : مریم نواز کا ورلڈ اربن فورم میں خطاب
یہ اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے منعقد ہوا جس میں تمام ڈی سیز اور ڈی پی اوز نے شرکت کی۔












