وزیراعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ چین 4 روزہ دورے پر روانہ، سی پیک کے دوسرے مرحلے پر اہم پیشرفت متوقع

ہفتہ 23 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 

وزیراعظم شہباز شریف 4 روزہ سرکاری دورے پر چین روانہ ہو گئے ہیں، جہاں وہ چینی قیادت، بڑی کاروباری شخصیات اور اہم کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقاتیں کریں گے۔ دورے کے دوران سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت تعاون بڑھانے اور مختلف معاہدوں و مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی متوقع ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاک چین دوستی سمندروں سے گہری، ہمالیہ سے بلند اور اسٹیل سے زیادہ مضبوط ہے، مریم نواز

وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی چین روانہ ہوئے۔

وزیراعظم اپنے دورے کے پہلے مرحلے میں چینی شہر ہانگژو پہنچیں گے، جہاں وہ صوبہ ژے جیانگ کی کمیونسٹ پارٹی کے سیکریٹری سے ملاقات کریں گے۔ اس کے علاوہ پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان تعاون کے فروغ کے لیے منعقدہ بزنس فورم میں بھی شرکت کریں گے، جہاں مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کی تقریب بھی ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں:پاک چین دوستی کا جشن، پاکستانی قیادت کا سی پیک اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید وسعت دینے پر زور

دورے کے دوران وزیراعظم معروف چینی کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقاتیں کریں گے اور چینی ای کامرس کمپنی علی بابا کے ہیڈکوارٹر کا دورہ بھی کریں گے، جہاں باہمی تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔

بعد ازاں وزیراعظم بیجنگ جائیں گے، جہاں وہ چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ سے ملاقاتیں کریں گے۔ وہ پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر منعقدہ خصوصی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔

وزیراعظم اپنے دورے کے دوران ممتاز چینی کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقاتوں کے علاوہ چائنا اکیڈمی آف ایگریکلچرل سائنسز کا دورہ بھی کریں گے۔

حکومتی حکام کے مطابق وزیراعظم کا یہ دورہ پاک چین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، اقتصادی تعاون بڑھانے اور سی پیک کے دوسرے مرحلے میں نئی سرمایہ کاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp