سابق فارمولا ون چیمپیئن ایلین پروسٹ گھر میں ڈکیتی کے دوران زخمی

ہفتہ 23 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

4 مرتبہ کے فرانسیسی فارمولا ون چیمپیئن ایلین پروسٹ سوئٹزرلینڈ میں اپنے گھر پر ہونے والی ایک ڈکیتی کے دوران زخمی ہوگئے ہیں۔

سوئٹزرلینڈ کے سب سے زیادہ فروخت ہونے والے اخبار ‘بلک’ کے مطابق 71 سالہ ایلین پروسٹ کے سر پر حملے کے دوران معمولی چوٹ آئی ہے۔ واقعے کے دوران مسلح ڈاکوؤں نے ان کے ایک بیٹے کو مجبور کرکے فیملی کی تجوری کھلوائی اور اس میں موجود سامان لے کر فرار ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: بااثر شخصیات کی جرائم کرتے اے آئی ویڈیوز نے تہلکہ مچا دیا

سوئٹزرلینڈ کی کینٹونل پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا کہ جنیوا کے شمال مشرق میں واقع علاقے نیون (Nyon) میں ایک رہائشی گھر کو ڈکیتی کا نشانہ بنایا گیا ہے، پولیس نے متاثرہ خاندان کی شناخت ظاہر کرنے یا یہ تصدیق کرنے سے انکار کر دیا ہے کہ یہ ایلین پروسٹ کی فیملی ہے یا نہیں۔

پولیس کے مطابق، متعدد نقاب پوش افراد گھر میں داخل ہوئے، وہاں موجود مکینوں کو ہراساں کیا اور تفتیش کے دائرے میں آنے والے حالات کے دوران ایک رکن کو سر پر معمولی زخمی کر دیا۔ اس کے بعد ملزمان نے خاندان کے دوسرے رکن کو تجوری کھولنے پر مجبور کیا اور وہاں موجود قیمتی سامان لے کر فرار ہو گئے، جس کی مالیت کا اندازہ لگایا جارہا ہے۔

واقعے کے فوراً بعد پولیس نے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جس میں علاقائی پولیس، ڈاگ یونٹ، فرانزک ٹیم، بارڈر سیکیورٹی اور فرانسیسی فورسز بھی شامل ہیں۔ تاہم، وسیع کارروائی کے باوجود اب تک ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جا سکا اور معاملے کی مجرمانہ تفتیش جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 2 آسٹریلوی خاتون کرکٹرز سے دست درازی، بھارت غیرملکی کھلاڑیوں کے لیے غیر محفوظ ملک بن گیا

سوئس اخبار کے مطابق، گزشتہ ایک سال کے دوران جنیوا جھیل کے ارد گرد کے علاقوں میں امیر افراد کے گھروں میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں تشویشناک اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ان وارداتوں میں زیادہ تر ہمسایہ ملک فرانس سے آنے والے سرحد پار گروہ ملوث ہوتے ہیں جو قیمتی گھڑیوں کے کلیکشن کو نشانہ بناتے ہیں۔

واضح رہے کہ ایلین پروسٹ نے 1980 سے 1993 کے درمیان میک لارین، رینالٹ، فراری اور ولیمز جیسی ٹیموں کی طرف سے فارمولا ون ریسنگ میں حصہ لیا۔ وہ 1985، 1986، 1989 اور 1993 میں ورلڈ چیمپیئن بنے تھے۔ دنیا میں صرف چند ہی ایسے ڈرائیورز ہیں جنہوں نے ان سے زیادہ مرتبہ یہ اعزاز اپنے نام کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp