عیدالاضحیٰ: وزیراعظم شہباز شریف کی عسکری و سیاسی قیادت کو مبارکباد، ملکی سلامتی و خوشحالی کے لیے دعا

بدھ 27 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر عسکری قیادت، اعلیٰ حکومتی و آئینی شخصیات اور مختلف سیاسی رہنماؤں سے ٹیلیفونک رابطے کرکے عید کی مبارکباد دی، جبکہ ملکی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔

وزیراعظم نے چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف دی ایئر اسٹاف ظہیر احمد بابر اور چیف آف دی نیول اسٹاف نوید اشرف کو ٹیلیفون کرکے عید کی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر انہوں نے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، قومی سلامتی کے لیے خدمات اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو اپنے بہادر سپاہیوں اور افواجِ پاکستان کی غیر متزلزل وابستگی پر فخر ہے۔

وزیراعظم نے اُن افسران اور جوانوں کو بھی خصوصی خراجِ عقیدت پیش کیا جو عید کے موقع پر بھی وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا بھی کی۔

دوسری جانب وزیراعظم نے صدرِ مملکت، گورنرز، وزرائے اعلیٰ، اسپیکر قومی اسمبلی اور مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے بھی علیحدہ علیحدہ ٹیلیفونک گفتگو کی اور عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی۔ ان شخصیات میں عبدالعلیم خان، خالد مگسی اور آفتاب شیرپاؤ بھی شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں:’فتنۃ الہندوستان‘ کے بزدلانہ حملے پاکستان یا اس کی مسلح افواج کا عزم متزلزل نہیں کر سکتے، فیلڈ مارشل نے عیدالاضحیٰ فرنٹ لائن جوانوں کے ساتھ منائی

گفتگو کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر روابط اور باہمی تعاون کی اہمیت پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاقی حکومت تمام صوبوں اور اکائیوں کے ساتھ مل کر عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، ترقی، خوشحالی اور استحکام عطا فرمائے اور قوم کو اتحاد و اتفاق کی دولت سے نوازے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp