وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ تکبیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن پاکستان کی تاریخ کا ایک فیصلہ کن لمحہ تھا جب پوری قوم نے غیر متزلزل عزم، قومی اتحاد اور غیر معمولی
جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
انہوں نے کہا کہ 28 مئی 1998 کو بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں پاکستان نے کامیاب ایٹمی تجربات کیے، جنہوں نے نہ صرف جنوبی ایشیا میں تزویراتی توازن بحال کیا بلکہ دنیا کو واضح پیغام
دیا کہ پاکستان اپنی دفاعی صلاحیت اور خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: یوم تکبیر: مقبوضہ کشمیر میں پاکستان کے حق میں پوسٹرز آویزاں، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تصویر بھی چسپاں
وزیراعظم نے کہا کہ یہ دن اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ علامہ محمد اقبال کے تصور اور قائداعظم محمد علی جناح کی قائم کردہ خداداد مملکت کا دفاع مضبوط اور محفوظ ہاتھوں میں ہے۔
انہوں نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام میں کردار ادا کرنے والی شخصیات اور اداروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی بصیرت افروز قیادت، نواز شریف
کے جرات مندانہ فیصلوں، ڈاکٹر عبدالقدیر خان، ڈاکٹر ثمر مبارک مند سمیت بے شمار سائنسدانوں، انجینئرز، ماہرین، افواجِ پاکستان کے جوانوں اور کارکنوں کی انتھک خدمات شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: پانی پاکستان کی ریڈ لائن، کشمیر کو کبھی نہیں بھولیں گے: فیلڈ مارشل کا وائس چانسلرز اور اساتذہ سے خطاب
شہباز شریف نے کہا کہ بھارت نے جنگی جنون، انتہا پسندانہ سوچ اور توسیع پسندانہ عزائم کے تحت ایٹمی تجربات کیے تھے، تاہم پاکستان نے دانشمندی اور مضبوط عزم کے ساتھ بروقت اور فیصلہ کن
اقدامات کرتے ہوئے دشمن کے عزائم ناکام بنا دیے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی دباؤ، معاشی پابندیوں کی دھمکیوں اور مالی ترغیبات کے باوجود اُس وقت کے وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان کی آزادی، وقار اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔
وزیراعظم کے مطابق یومِ تکبیر قومی خودداری، اتحاد، قربانی اور دفاعِ وطن کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے، جبکہ پاکستان کی ایٹمی صلاحیت دشمن کے ناپاک عزائم کے خلاف مضبوط رکاوٹ ہے۔
مزید پڑھیں: بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم عالمی امن کے لیے خطرہ ہیں: امریکا میں پاکستانی سفیر کی تھنک ٹینکس سے گفتگو
انہوں نے حالیہ صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ معرکۂ حق کے دوران دشمن کی جارحیت کے جواب میں پاکستانی قوم نے ایک مرتبہ پھر اتحاد کا مظاہرہ کیا۔ ان کے بقول بھارت نے پہلگام فالس فلیگ
آپریشن کی آڑ میں شہری آبادی اور مساجد کو نشانہ بنایا، تاہم افواجِ پاکستان اور پوری قوم بنیان المرصوص بن کر کھڑی ہوئی اور دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے۔
وزیراعظم نے مسلح افواج کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان نے غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل صلاحیتوں کا
مظاہرہ کیا، جبکہ چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر اور چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے بھی پاکستان کی طاقت اور جرات کو مزید مضبوط بنایا۔
مزید پڑھیں: یوم تکبیر کے موقع پر قلات میں ریلی کا انعقاد، افواج پاکستان کو خراج تحسین
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کوئی جارحانہ عزائم نہیں، تاہم وطن کے دفاع کا حق ہر صورت محفوظ رکھا جائے گا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ معرکۂ حق میں شکست کے بعد دشمن پراکسی نیٹ ورکس کا سہارا لے رہا ہے، جن میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان شامل ہیں، جنہیں مبینہ طور پر افغان حکومت کی معاونت
حاصل ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ آپریشن غضب للحق کے ذریعے ان تمام دشمن عناصر اور سہولت کاروں کا خاتمہ کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے قومی ہیروز کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے قوم پر زور دیا کہ وہ اتحاد، امن، ترقی، استحکام اور ملکی سلامتی کے لیے اپنے عزم کی تجدید کرے۔












