چترال سے قومی ویمن ٹیم تک: سائرہ جبین کی متاثر کن کہانی

جمعہ 29 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی ابھرتی ہوئی بیٹر سائرہ جبین نے اپنی شاندار اور متاثر کن سفر کی کہانی پاکستان کرکٹ بورڈ کے 80ویں پوڈکاسٹ میں شیئر کی ہے، جس میں انہوں نے چترال کی وادیوں سے قومی ٹیم تک پہنچنے کے مراحل، مشکلات اور حوصلہ افزا تجربات پر تفصیل سے بات کی۔

یہ بھی پڑھیں:وادی کیلاش سے بین الاقوامی میدان تک: سائرہ جبین نے تاریخ رقم کر دی

سائرہ جبین، جو دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرتی ہیں اور کارآمد میڈیم پیس بولنگ بھی کر سکتی ہیں، نے گزشتہ ماہ کراچی میں زمبابوے کے خلاف اپنا ٹی20 ڈیبیو کیپ حاصل کر کے پاکستان کی 60ویں ویمن ٹی20 انٹرنیشنل کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ وہ اس وقت کپتان فاطمہ ثناء کی قیادت میں آئندہ آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستان اسکواڈ کا بھی حصہ ہیں۔

پوڈکاسٹ کے دوسرے حصے میں سائرہ جبیّن نے تفصیل سے بتایا کہ کس طرح انہوں نے چترال جیسے دور دراز اور پہاڑی علاقے سے کرکٹ کے میدان تک کا سفر طے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر انہیں مقامی سطح پر مواقع کم میسر تھے، لیکن جذبے اور محنت نے انہیں آگے بڑھنے کا حوصلہ دیا۔ بعد ازاں وہ تربیت کے لیے پشاور منتقل ہوئیں اور پھر لاہور میں مزید پیشہ ورانہ کرکٹ کی کوچنگ حاصل کی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کے کیریئر میں ایک اہم موڑ اس وقت آیا جب انہیں آسٹریلیا میں کلب کرکٹ کھیلنے کا موقع ملا، جہاں انہوں نے نہ صرف اپنی صلاحیتوں کو نکھارا بلکہ بین الاقوامی معیار کی کرکٹ کلچر کو بھی قریب سے دیکھا۔

اپنے ٹی20 کیریئر کے ابتدائی میچز میں ہی سائرہ جبین نے اپنی بیٹنگ صلاحیتوں کا لوہا منوایا، جب انہوں نے صرف 2 اننگز میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 32 گیندوں پر 50 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جس میں 8 چوکے شامل تھے۔ یہ اننگز اس وقت سامنے آئی جب پاکستان ٹیم 58-1 کے اسکور پر بیٹنگ کر رہی تھی اور مجموعی طور پر 223-4 کا بڑا اسکور بنانے میں کامیاب رہی۔

پوڈکاسٹ میں سائرہ نے اپنے خاندان، خاص طور پر اپنے والد کے کردار کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا، جن کی خواہش تھی کہ وہ طب کے شعبے کو اپنائیں، تاہم بعد ازاں انہوں نے اپنی بیٹی کے کرکٹ کے شوق کی مکمل حمایت کی۔

یہ پوڈکاسٹ قسط پاکستان کرکٹ بورڈ کے پلیٹ فارم پر دستیاب ہے، جہاں سائرہ جبین کی یہ کہانی نوجوان کھلاڑیوں خصوصاً دور دراز علاقوں سے آنے والی بچیوں کے لیے ایک مضبوط حوصلہ اور امید کا پیغام بن کر سامنے آتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp