مسلسل کھیلنے سے فاسٹ بولرز کی رفتار متاثر ہوتی ہے، کپتان شاہین شاہ آفریدی

جمعہ 29 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ مسلسل کرکٹ کھیلنے سے فاسٹ بولرز کی رفتار اور کارکردگی متاثر ہوتی ہے اس لیے انہیں مناسب آرام اور ریکوری کا وقت دینا انتہائی ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک آسٹریلیا ون ڈے سیریز کل سے شروع ہوگی، میچ کی خاص بات کیا ہے؟

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہین نے فاسٹ بولرز کے ورک لوڈ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مشین بھی مسلسل چلتی رہے تو خراب ہو جاتی ہے اسی طرح فاسٹ بولرز کی باڈی کو بھی آرام کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ وہ تازہ دم ہو کر پوری جان لگا سکیں۔

انہوں نے صحافی کے سوال پر مذاقاً کہا کہ وہ ان کے لیے 200 کی رفتار سے بولنگ کرنے کی کوشش کریں گے تاہم اصل ضرورت یہ ہے کہ تمام فاسٹ بولرز اپنی فٹنس اور رفتار برقرار رکھنے کے لیے مناسب آرام حاصل کریں۔

شاہین آفریدی نے کہا کہ ہر کھلاڑی کو اپنے کھیل میں بہتری لانے کی ضرورت ہے اور ہیڈ کوچ مائیک ہیسن بھی کھلاڑیوں سے اس حوالے سے بات کر چکے ہیں۔

مزید پڑھیے: پاکستان کے بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ سے متعلق سوال پر آسٹریلوی کپتان نے کیا کہا؟

انہوں نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ کی کوشش ہوتی ہے کہ فاسٹ بولرز کے ورک لوڈ کو متوازن رکھا جائے تاکہ انہیں انجری سے بچایا جا سکے۔

قومی کپتان کا کہنا تھا کہ سلیکٹرز نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ سینیئر کھلاڑیوں کی موجودگی ٹیم کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔

شاہین آفریدی نے بابر اعظم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پی ایس ایل میں عمدہ کھیل پیش کیا اور امید ہے کہ وہ آسٹریلیا کے خلاف بھی اپنی بہترین فارم برقرار رکھیں گے۔

اس موقعے پر آسٹریلوی کپتان جوش انگلس نے کہا کہ پاکستان کی مہمان نوازی ہمیشہ شاندار رہی ہے اور انہیں یہاں آکر کھیلنا پسند ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف سیریز دلچسپ اور مسابقتی ہوگی۔

مزید پڑھیں: عمر گل اور شاہین شاہ آفریدی کے درمیان لڑائی کی خبریں، بولنگ کوچ نے خاموشی توڑ دی

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ون ڈے میچ ہفتے کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جبکہ اس موقعے پر ون ڈے ٹرافی کی رونمائی بھی کی گئی۔ یاد رہے کہ یہ میچ پاکستان کے لیے ایک سنگ میل ہوگا کیون کہ یہ قومی ٹیم کا ہزارواں ایک روزہ انٹرنیشنل میچ ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp