ڈیٹنگ ایپس صارفین کو ذہنی دباؤ کے خطرناک دائرے میں کیسے پھنساتی ہیں؟

جمعہ 29 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دنیا بھر میں لاکھوں افراد رشتوں کی تلاش کے لیے ڈیٹنگ ایپس کا سہارا لیتے ہیں مگر ماہرین خبردار کر رہے ہیں کہ ان ایپس کا مسلسل استعمال صارفین کو ایک ایسے ذہنی چکر میں پھنسا سکتا ہے جس میں ایپ ڈاؤن لوڈ کرنا، ذہنی تھکن کا شکار ہونا، ایپ ڈیلیٹ کرنا اور پھر دوبارہ انسٹال کر لینا شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈیٹنگ ایپ کے ذریعے نوجوان انجینئر کس طرح لٹیروں کے ہتھے چڑھ گیا؟

29 سالہ بین الاقوامی امور کی مشیر فرنانڈا آر نے 2 سال قبل ڈیٹنگ ایپس کو خیرباد کہہ دیا تھا مگر جب ان کے دوستوں نے آن لائن ملنے والے ساتھیوں کے ساتھ کامیاب تعلقات کی کہانیاں سنائیں تو انہوں نے چند ہفتے قبل دوبارہ قسمت آزمانے کا فیصلہ کیا۔

فرنانڈا کے مطابق ابتدا میں انہیں امید تھی کہ اس بار تجربہ مختلف ہوگا مگر جلد ہی وہ بیک وقت کئی گفتگوؤں، فون مسلسل چیک کرنے کی عادت اور ہر وقت دلچسپ اور حاضر جواب نظر آنے کے دباؤ کا شکار ہو گئیں۔ ان کے بقول یہ سب بہت زیادہ تھکا دینے والا محسوس ہونے لگا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈیٹنگ ایپس کا ڈیزائن صارفین کو مسلسل مصروف رکھنے کے لیے بنایا جاتا ہے۔ نئی پروفائلز دیکھنے، میچز حاصل کرنے اور فوری ردعمل کی توقع دماغ میں وقتی خوشی پیدا کرتی ہے لیکن مسلسل مسترد ہونے یا غیر سنجیدہ روابط ذہنی دباؤ، بے چینی اور خود اعتمادی میں کمی کا باعث بن سکتے ہیں۔

مزید پڑھیے: کنگنا رناوت نے ڈیٹنگ ایپ صارفین کو ’ معاشرے کا  گٹر‘  کیوں قرار دیا ؟

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر صارف خود کو بار بار ایپس ڈیلیٹ اور دوبارہ انسٹال کرتے، مسلسل فون چیک کرتے یا ہر نئے میچ سے غیر حقیقی توقعات وابستہ کرتے پائیں تو یہ ڈیٹنگ ایپ برن آؤٹ کی علامات ہو سکتی ہیں۔

’برن آؤٹ‘ (ذہنی و جذباتی تھکن) کیا ہے؟

ماہرین کے مطابق ’برن آؤٹ‘ ایک ایسی ذہنی تھکن کو کہا جاتا ہے جو مسلسل دباؤ، مایوسی اور جذباتی توانائی کے حد سے زیادہ استعمال کے باعث پیدا ہوتی ہے۔ یعنی وہ ذہنی اور جذباتی تھکن ہے جو کسی کام کے مسلسل دباؤ، بار بار کی مایوسی یا حد سے زیادہ توقعات کے باعث پیدا ہوتی ہے۔ ڈیٹنگ ایپس کے تناظر میں یہ کیفیت اس وقت جنم لیتی ہے جب صارف مسلسل نئے لوگوں سے رابطے، فوری جواب دینے کے دباؤ، بار بار مسترد ہونے یا غیر سنجیدہ رویوں کا سامنا کرتے کرتے ذہنی طور پر تھکن اور بےزاری محسوس کرنے لگتا ہے۔

مزید پڑھیں: اظہار محبت کے خفیہ اشارے: کیا ایموجیز صدیوں پرانے کوڈ ورڈز کا تسلسل ہیں؟

ماہرین کے مطابق اس چکر سے نکلنے کے لیے اسکرین ٹائم محدود کرنا، ڈیٹنگ ایپس سے وقفہ لینا، واضح حدود مقرر کرنا اور حقیقی زندگی میں سماجی روابط کو ترجیح دینا مؤثر حکمت عملی ثابت ہو سکتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp