ہالی وڈ اسٹار ال پچینو کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دینے کا اعلان

جمعہ 16 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ہالی وڈ کے معروف اداکار ال پچینو کو فلم، ٹیلی ویژن اور تھیٹر میں 6 دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط شاندار فنی خدمات اور فلاحی سرگرمیوں کے اعتراف میں آئندہ سال لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔

اداکاروں کی تنظیم دی اسکرین ایکٹرز گلڈز اور امریکن فیڈریشن آف ٹیلیویژن اینڈ ریڈیو آرٹسٹس نے اعلان کیا کیا کہ ال پچینو اس اعزاز کے 62ویں حقدار ہوں گے، انہیں 28 فروری 2027 کو لاس اینجلس میں منعقد ہونے والے 33ویں ایکٹر ایوارڈز کی تقریب میں ایوارڈ پیش کیا جائے گا، جسے نیٹ فلکس پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ہالی ووڈ اداکارہ ہیڈن پنیٹیئر کا آخری انٹرویو کیوں وائرل ہو رہا ہے؟

ال پچینو فلمی دنیا میں مائیکل کورلیون کے کردار کے حوالے سے خصوصی شہرت رکھتے ہیں، جو انہوں نے فلمی سلسلے دی گاڈ فادر میں ادا کیا۔ ان کے دیگر یادگار کرداروں میں 1973 کی فلم سرپیکو میں پولیس افسر فرینک سرپیکو، 1983 کی فلم اسکارفیس میں منشیات کے کاروبار سے وابستہ ٹونی مونٹانا اور 2019 کی فلم ونس اپون اے ٹائم اِن ہالی وڈ میں ہالی وڈ ایجنٹ مارون شوارز شامل ہیں۔

اسکرین ایکٹرز گلڈز کے مطابق یہ ایوارڈ ہر سال ایسے اداکار کو دیا جاتا ہے جو شعبۂ اداکاری کے اعلیٰ ترین اصولوں اور اقدار کی نمائندگی کرتا ہو۔

اس اعزاز پر اپنے ردعمل میں ال پچینو نے کہا کہ انہوں نے زندگی کا بیشتر حصہ تلاش اور جستجو میں گزارا، تاہم اسکرپٹ اور اپنے ساتھی اداکاروں کے درمیان ہمیشہ اپنائیت محسوس کی۔ ان کے بقول، اداکاری کا کام اور اس سفر میں ملنے والے ساتھی ان کی زندگی کی سب سے بڑی خوشیوں میں شامل رہے ہیں، اور اس اعزاز کے ذریعے ان کے فنی سفر کو سراہا جانا ان کے لیے باعثِ افتخار ہے۔

ال پچینو نے 1992 کی فلم ’سینٹ آف اے وومن‘ میں لیفٹیننٹ کرنل فرینک سلیڈ کا کردار ادا کرنے پر بہترین اداکار کا آسکر ایوارڈ جیتا تھا، اس کے علاوہ وہ متعدد ایمی، ٹونی اور گولڈن گلوب ایوارڈز بھی حاصل کر چکے ہیں۔

مزید پڑھیں: جوان لڑکیوں سے معاشقے لڑانے والے سینیئر ہالی ووڈ اداکار

اسکرین ایکٹرز گلڈز کے صدر شان آسٹن نے ال پچینو کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ایسے فنکار ہیں جن کی اداکاری کو دیکھنا ایک ایسے شخص کے فن کا مشاہدہ کرنا ہے جو بیک وقت علم حاصل کرنے والا طالب علم بھی ہے اور اپنے فن کا استاد بھی۔

اداکاری کے علاوہ ال پچینو فلاحی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیتے رہے ہیں، انہوں نے 2001 میں 11 ستمبر کے دہشتگرد حملوں کے بعد منعقدہ ٹیلی تھون ’امریکا: ہیروز کو خراجِ تحسین‘ میں شرکت کی، جبکہ 2009 میں انہیں فلاحی خدمات کے اعتراف میں آرتھرائٹس فاؤنڈیشن کے جین وائمن ہیومینیٹیرین ایوارڈ سے نوازا گیا۔

نیو یارک میں پیدا ہونے والے 86 سالہ ال پچینو کا اصل نام الفریڈو جیمز پچینو ہے۔ انہوں نے 1960 کی دہائی میں مستقل کام حاصل کرنے کے لیے جدوجہد کی، تاہم 1972 میں فلم دی گاڈ فادر سے انہیں بڑی کامیابی حاصل ہوئی، جس کے بعد وہ عالمی شہرت یافتہ اداکاروں میں شمار ہونے لگے۔

واضح رہے کہ اسکرین ایکٹرز گلڈز اور امریکن فیڈریشن آف ٹیلیویژن اینڈ ریڈیو آرٹسٹس امریکا کی ایک بڑی فنکاروں اور میڈیا پروفیشنلز کی تنظیم ہے، جو تقریباً ایک لاکھ 60 ہزار اداکاروں، نشریاتی صحافیوں، گلوکاروں، موسیقاروں، اسٹنٹ پرفارمرز اور دیگر تفریحی و میڈیا شعبوں سے وابستہ افراد کی نمائندگی کرتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp