امریکا کی ریاست جارجیا کے شہر اٹلانٹا کے قریب ہیلی کاپٹر حادثے میں بھارتی نژاد ایک شخص اپنی شادی کے چند گھنٹے بعد ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کی نو بیاہتا اہلیہ معجزانہ طور پر زندہ بچ گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیو فیجی نامی دولہا اور ان کے ہیلی کاپٹر کے پائلٹ کی موت اس وقت ہوئی جب رابنسن آر 66 ہیلی کاپٹر ڈاسن وِل میں ان کی شادی کی تقریب کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی ایئرپورٹ پر انوکھا حادثہ، پیدل شہری ہلاک
ڈیو کی اہلیہ جیسنی حادثے میں زخمی ہوئیں، تاہم وہ زندہ بچ گئیں اور اس وقت اٹلانٹا کے ایک اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
ڈیو فیجی خود بھی امریکی فضائی کمپنی ڈیلٹا ایئر لائنز کے پائلٹ تھے۔
شادی کی خوشیاں سانحے میں تبدیل
ڈیو اور جیسنی کی شادی ڈاسن وِل کے معروف مقام ’دی ریویئر‘ میں منعقد ہوئی تھی، جس میں تقریباً 400 مہمان شریک تھے۔
ڈیو کے والد جارج نے بتایا کہ وہ اپنے بیٹے کو دیکھ کر خوشی محسوس کر رہے تھے۔ ’میں اپنے بیٹے کو دیکھ رہا تھا، وہ بے حد خوبصورت لگ رہا تھا۔‘
تقریب کے اختتام پر نوبیاہتا جوڑا خصوصی رخصتی کے لیے ہیلی کاپٹر میں سوار ہوا، جو انہیں ڈیکالب-پیچ ٹری ایئرپورٹ لے جانے والا تھا۔
خاندان کے مطابق اس انتظام کا مقصد یہ تھا کہ جوڑا اپنی شادی کی پہلی رات اٹلانٹا کے ایک ہوٹل میں گزار سکے، تاہم بدقسمتی سے ہیلی کاپٹر اپنی منزل تک نہ پہنچ سکا۔
عینی شاہدین کے مطابق ہیلی کاپٹر اٹلانٹا شہر کی ملکیت 10 ہزار ایکڑ پر مشتمل جنگلاتی علاقے میں گر کر تباہ ہوا، جسے ریاستی ادارے جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
دلہن 6 گھنٹے تک ملبے میں پھنسی رہی
حادثے کے بعد جیسنی تقریباً 6 گھنٹے تک ہیلی کاپٹر کے ملبے میں پھنسی رہیں۔ جب انہیں ہوش آیا تو ان کے شوہر کا سر ان کی گود میں تھا۔
ڈیو کے والد کے مطابق، جیسنی نے ان کے جسم پر خون دیکھا اور محسوس کیا کہ ان کا جسم ٹھنڈا ہو چکا ہے۔
’وہ پیشے کے اعتبار سے نرس ہیں، اس لیے فوراً سمجھ گئیں کہ ڈیو اب اس دنیا میں نہیں رہے۔‘
جیسنی کو جسم پر زخم اور چوٹیں آئیں، تاہم ان کی کوئی ہڈی نہیں ٹوٹی۔
خراب موسم پر دولہے کی تشویش
حادثے والی رات علاقے میں شدید بارش ہو رہی تھی۔ جارج کے مطابق ڈیو نے پرواز سے قبل خراب موسم اور انتہائی کم حدِ نگاہ پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔
چونکہ وہ خود ڈیلٹا ایئر لائنز میں فرسٹ آفیسر تھے، اس لیے انہوں نے پائلٹ کو بتایا تھا کہ ایسی صورتِ حال میں عام طور پر پرواز نہیں کی جاتی۔
جارج نے جیسنی کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حادثے سے قبل پائلٹ نے ڈیو کو یقین دلایا تھا کہ وہ زیادہ بلندی پر پرواز کریں گے۔
حادثے کی تحقیقات جاری
ہیلی کاپٹر حادثے کی تحقیقات امریکی ادارے نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کر رہا ہے، تاہم تاحال حادثے کی وجوہات کے بارے میں کوئی حتمی بیان جاری نہیں کیا گیا۔
اپنے بیٹے کی اچانک موت پر گفتگو کرتے ہوئے جارج نے کہا، خدا نے ہمیں ایک یادگار اور بہترین شادی عطا کی۔
’۔۔۔لیکن چند ہی گھنٹوں بعد سب کچھ ایک المناک سانحے میں بدل گیا، ایسے وقت میں ہمیں سکون اور جواب صرف خدا ہی سے مل سکتا ہے۔‘














