امریکی عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کی مجموعی دولت 2 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے جس کے بعد وہ دنیا کی امیر ترین موسیقاروں میں شامل ہو گئی ہیں۔ یہ انکشاف فوربز کی ایک تازہ رپورٹ میں کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ٹیلر سوئفٹ کی دولت میں گزشتہ چند برسوں کے دوران غیر معمولی اضافہ ہوا ہے جس کی بڑی وجہ ان کے عالمی کنسرٹ ٹورز، میوزک سیلز اور اپنے گانوں کے حقوق پر بڑھتا ہوا کنٹرول ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے منگنی کا اعلان کردیا، ساڑھے 5 لاکھ ڈالر کی انگوٹھی توجہ کا مرکز بن گئی
ان کی مالی ترقی میں سب سے اہم کردار 2023-24 کے عالمی ایراز ٹور نے ادا کیا جسے تاریخ کا سب سے زیادہ آمدنی دینے والا کنسرٹ ٹور قرار دیا گیا ہے۔ اس ٹور سے تقریباً 2.2 ارب ڈالر کی آمدن حاصل ہوئی۔
یہ ٹور نہ صرف ان کے عالمی فین بیس میں اضافے کا سبب بنا بلکہ ٹکٹوں کی فروخت، مرچنڈائز اور میڈیا ریچ کے ذریعے بھی ان کی مجموعی آمدن میں نمایاں اضافہ ہوا جس نے انہیں ارب پتی فہرست میں مزید مضبوط کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: سب سے مہنگی انگوٹھی کس کی؟ ٹیلر سوئفٹ کی منگنی کے بعد نئی بحث چھڑ گئی
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹیلر سوئفٹ نے 2020 میں اپنے پرانے میوزک البمز دوبارہ ریکارڈ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جو ان کے ماسٹر ریکارڈنگ حقوق کے تنازع کے بعد سامنے آیا۔ اس اقدام کے ذریعے انہوں نے اپنے میوزک کیٹلاگ پر دوبارہ کنٹرول حاصل کیا اور رائلٹی آمدن براہِ راست اپنے نام کر لی۔
ورائٹی کے مطابق اس حکمت عملی نے عالمی میوزک انڈسٹری میں آرٹسٹ کی ملکیت اور کاپی رائٹس کے حوالے سے نئی بحث کو جنم دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شومئی قسمت، ٹیلر سوئفٹ کو تیسری بار مکھی نگلنا پڑی
ان کے بعد کے البمز، جن میں The Tortured Poets Department اور Life of a Showgirl کے ساتھ ساتھ دوبارہ ریکارڈ کیا گیا کیٹلاگ بھی ان کی آمدنی میں مسلسل اضافے کا باعث بنا۔
رپورٹ کے مطابق ٹیلر سوئفٹ 2024 میں باضابطہ طور پر ارب پتی بن گئی تھیں جبکہ ایراز ٹور ان کی مالی کامیابی کا اہم موڑ ثابت ہوا۔ مارچ 2026 تک ان کی مجموعی دولت بڑھ کر 2 ارب ڈالر تک پہنچ گئی، جس کے بعد وہ تاریخ کی امیر ترین خاتون موسیقار بن گئی ہیں۔
تاہم رپورٹ کے مطابق وہ دنیا کی سب سے امیر زندہ موسیقار نہیں ہیں۔ یہ اعزاز امریکی ریپر Jay-Z کو حاصل ہے جن کی مجموعی دولت 2.8 ارب ڈالر بتائی جاتی ہے۔














