وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں آئندہ مالی سال کے معاشی اہداف اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئیں۔
اجلاس کے دوران آئندہ مالی سال کی معاشی حکمت عملی، ترقیاتی ترجیحات اور مجوزہ ترقیاتی پروگرام پر تفصیلی غور کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: بجٹ سے قبل قومی اقتصادی کونسل کا اہم اجلاس آج طلب
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاق اور صوبوں کے درمیان ترقیاتی فنڈز کی تقسیم کا بھی جائزہ لیا گیا۔
شرکا کو آئندہ مالی سال کے معاشی اہداف اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
مزید پڑھیں: بڑھتی آبادی بڑا قومی چیلنج، وزیراعظم شہباز شریف کی قومی آبادی کونسل قائم کرنے کی ہدایت
میڈیا رپورٹس کے مطابق آئندہ مالی سال کے لیے مجوزہ سالانہ ترقیاتی پروگرام یعنی اے ڈی پی کا مجموعی حجم 4 ہزار 715 ارب روپے رکھا گیا ہے۔
اس میں وفاقی ترقیاتی منصوبوں کے لیے 1 ہزار 126 ارب روپے جبکہ صوبائی ترقیاتی اسکیموں کے لیے 3 ہزار 138 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام یعنی پی ایس ڈی پی کی مد میں 200 ارب روپے اضافے کا امکان بھی زیر غور ہے، جس کا مقصد قومی سطح کے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کی رفتار کو تیز کرنا ہے۔














