وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے حج 2027 کے انتظامات اور تیاریوں کا آغاز کرتے ہوئے آئندہ حج کے خواہشمند عازمین کی لازمی رجسٹریشن جلد شروع کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
وزارتِ مذہبی امور کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے تحت حج 2027 کے لیے رجسٹریشن کا عمل بروقت مکمل کیا جائے گا۔
وزارت کے مطابق اس ضمن میں عازمینِ حج کی پیشگی رجسٹریشن جلد شروع کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حج آپریشن 2026: 34 ہزار سے زیادہ پاکستانی حجاج وطن واپس پہنچ گئے
وزارت نے واضح کیا ہے کہ حج 2027ء کے لیے رجسٹریشن کرانے والے افراد کے پاس ایسا پاسپورٹ ہونا ضروری ہوگا جس کی میعاد کم از کم 16 نومبر 2027ء تک برقرار ہو۔
رجسٹریشن مکمل کرنے والے افراد کو بعد ازاں سرکاری یا نجی حج اسکیم میں سے کسی ایک کے انتخاب کا اختیار حاصل ہوگا۔
وزارتِ مذہبی امور کا کہنا ہے کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی بھی حج 2027 کی رجسٹریشن کرا سکیں گے اور ان کے لیے بھی رجسٹریشن کا عمل کھلا ہوگا۔
مزید پڑھیں: مدینہ منورہ: مسجد نبویؐ کی لائبریری حج کے بعد آنے والے زائرین کے لیے علم و تحقیق کا مرکز بن گئی
وزارت کے مطابق رجسٹریشن کے لیے کسی قسم کی فیس مقرر نہیں کی گئی۔
وزارت نے مزید بتایا کہ حج پیکیجز، اخراجات، کوٹہ، اور دیگر شرائط و ضوابط کا اعلان بعد ازاں حج پالیسی 2027 کے تحت کیا جائے گا۔
عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے سفری دستاویزات کی تکمیل اور پاسپورٹ کی میعاد کے حوالے سے پیشگی انتظامات یقینی بنائیں تاکہ رجسٹریشن کے عمل میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔














