کراچی بندرگاہ پر سنگ میل عبور: 8 سال بعد 2 ہزار سے زائد بحری جہازوں کی آمد

پیر 15 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی پورٹ نے تقریباً 8 برس بعد ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے 2 ہزار سے زائد بحری جہازوں کا استقبال کیا ہے جو پاکستان میں بڑھتی ہوئی بحری تجارتی سرگرمیوں اور بین الاقوامی تجارت میں بندرگاہ کے کلیدی کردار کی عکاسی کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی پورٹ پر تجارتی سرگرمیوں میں تیزی، وزیر بحری امور کا اظہار اطمینان

بحری حکام کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2025 سے 13 جون 2026 تک 2,003 بحری جہاز کراچی پورٹ پہنچے جو مالی سال 2018-17 کے بعد پہلی مرتبہ ہے کہ جہازوں کی سالانہ آمد 2 ہزار کی حد سے تجاوز کر گئی ہے۔

اسی عرصے کے دوران بندرگاہ پر 84.43 ملین ٹن سے زائد مجموعی رجسٹرڈ ٹنیج ریکارڈ کی گئی جو ملک کی سب سے مصروف بندرگاہ پر جاری وسیع تجارتی اور بحری سرگرمیوں کو ظاہر کرتی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں جہازوں کی آمد میں 7.5 فیصد جبکہ مجموعی رجسٹرڈ ٹنیج میں 3 فیصد اضافہ ہوا جو کارگو نقل و حمل اور شپنگ سرگرمیوں میں مسلسل بہتری کا ثبوت ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ پیشرفت پاکستان کی بحری تجارت کے فروغ اور معاشی سرگرمیوں میں اضافے کی نشاندہی کرتی ہے۔ کراچی پورٹ ملک کی درآمدات اور برآمدات کے ایک بڑے حصے کو سنبھالنے والی مرکزی بندرگاہ ہے اور قومی تجارتی و لاجسٹک نظام میں بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔

چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ ریئر ایڈمرل (ر) شاہد احمد نے اس کامیابی کو شپنگ سرگرمیوں میں اضافے، آپریشنل کارکردگی میں بہتری اور عالمی شپنگ کمپنیوں کے اعتماد کا نتیجہ قرار دیا۔

مزید پڑھیے: ایم ایل ون منصوبہ: کراچی پورٹ سے تعمیراتی کام جولائی میں شروع ہونے کا امکان

انہوں نے کہا کہ 1887 میں قائم ہونے والا کراچی پورٹ آج بھی کنٹینرائزڈ کارگو، بلک کموڈیٹیز اور عمومی تجارتی سامان کی نقل و حمل کا اہم مرکز ہے اور پاکستان کو علاقائی و عالمی بحری تجارتی راستوں سے جوڑنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

بحری حکام کے مطابق جہازوں کی بڑھتی ہوئی آمد پاکستان کے تجارتی شعبے کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے جو کاروباری سرگرمیوں میں وسعت اور بندرگاہی انفراسٹرکچر کے مؤثر استعمال کو ظاہر کرتی ہے۔

حکام نے مزید بتایا کہ یہ کامیابی بندرگاہی نظام کی جدید کاری، بحری رابطوں کے فروغ، لاجسٹک انفراسٹرکچر کی بہتری اور میری ٹائم سیکٹر میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کی جانے والی مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے۔

مزید پڑھیں: وفاقی آئینی عدالت : کراچی پورٹ ٹرسٹ کے برطرف ایچ آر منیجر کی عہدے پر بحالی کے فیصلے کے خلاف اپیل خارج

ان کے مطابق یہ سنگِ میل کراچی پورٹ کی پاکستان کے سب سے بڑے بحری تجارتی مرکز کی حیثیت کو مزید مضبوط کرے گا اور تجارت، لاجسٹکس اور مجموعی معاشی ترقی کے قومی اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp