پاکستان اور برطانیہ میں اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق، اصلاحات اور علاقائی استحکام پر تفصیلی تبادلۂ خیال

منگل 16 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے برطانیہ کے پارلیمانی انڈر سیکریٹری برائے مشرق وسطیٰ، افغانستان اور پاکستان ہیمش فالکنر نے فنانس ڈویژن اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ اقتصادی تعاون، پاکستان کی معاشی صورتحال اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے برطانوی وفد کو حکومت کے اقتصادی اصلاحاتی ایجنڈے، مالیاتی ترجیحات اور حالیہ وفاقی بجٹ کے اہم نکات سے آگاہ کیا۔

مزید پڑھیں: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب پاکستان کے پہلے پانڈا بانڈ کے اجرا کے لیے چین روانہ

انہوں نے کہا کہ وفاقی بجٹ حکومت کی معاشی ترجیحات اور اصلاحاتی سمت کا عکاس ہے جبکہ حکومت معاشی استحکام، اقتصادی بحالی اور پائیدار ترقی کے حصول کے لیے پرعزم ہے۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور تنازعات کے پرامن حل کی حمایت کی ہے اور خطے میں استحکام کے فروغ کے لیے فعال کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ مفاہمت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے علاقائی استحکام کے امکانات بہتر ہوئے ہیں، جبکہ بہتر علاقائی صورتحال سرمایہ کاری، تجارت اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت مالیاتی اور ادارہ جاتی اصلاحات کے عمل کو تیز کر رہی ہے۔ محصولات میں اضافے، ٹیکس تعمیل کو بہتر بنانے اور ریونیو لیکیجز کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ٹیکنالوجی، ڈیٹا انضمام اور ڈیجیٹل انوائسنگ کے ذریعے ٹیکس نظام کو جدید بنایا جا رہا ہے تاکہ شفافیت اور عوامی اعتماد کو فروغ دیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نجکاری، رائٹ سائزنگ، سرکاری اخراجات میں بہتری، ڈیجیٹل گورننس اور ہدفی سماجی تحفظ کے پروگرام حکومت کے وسیع اصلاحاتی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان معاشی استحکام کی جانب گامزن، وزیر خزانہ کی آئی ایم ایف وفد کو بریفنگ

اس موقع پر برطانوی انڈر سیکریٹری ہیمش فالکنر نے پاکستان کے اصلاحاتی پروگرام کی وسعت اور سنجیدگی کو سراہتے ہوئے اصلاحات کے تسلسل اور ادارہ جاتی مضبوطی کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون اور دوطرفہ روابط کو مزید فروغ دینے میں برطانیہ کی دلچسپی کا اعادہ بھی کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp